کرپشن کے خلاف مہم میں تیزی

واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں گذشتہ دس ماہ کے دوران اینٹی کرپشن کے صوبائی سربراہ نوابزادہ ضیااللہ طوروکی سربراہی میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سب سے زیادہ بہتر کارکردگی جنوبی اضلاع کی رہی ہے

جمعہ 10 اپریل 2015

Corruption K Khilaf Mohim Jari
خیبرپختونخواہ کے ڈائریکٹر انسداد رشوت ستانی نوابزادہ ضیااللہ طورو گزشتہ روز پہلی مرتبہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری محکمہ جات کے خلاف عوامی شکایات کا جائزہ لینے اور کرپشن کے خلاف اٹھائے گئے مقامی سطح کے معاملات کی چیکنگ کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان آئے انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سردار شفیع اللہ خان گنڈہ پور کے ہمراہ ضلع بھر کے سرکاری افسران، معززین شہر، ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء اور میڈیا کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور شہر میں ہسپتال کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات کے ساتھ ساتھ ڈیرہ تعلیمی بورڈ میں ہونے والی ریکارڈ کرپشن کی عوامی شکایات پر خصوصی انکوائری کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا، واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں گذشتہ دس ماہ کے دوران اینٹی کرپشن کے صوبائی سربراہ نوابزادہ ضیااللہ طوروکی سربراہی میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سب سے زیادہ بہتر کارکردگی جنوبی اضلاع کی رہی ہے اور صوبہ بھر میں ڈیرہ اسما عیل خان اینٹی کرپشن سرکل کرپٹ لوگوں سے ملک اور قوم کا لوٹا ہوا مال ریکور کرنے میں سرفہرست ہے جس پر سرکل انچارج ڈیرہ سردار شفیع اللہ خان گنڈہ پور اور ان کی ٹیم یقینا مبارک باد کے مستحق ہیں، بہتر کارکردگی ہی کی بدولت محکمہ اینٹی کرپشن کے صوبائی سربراہ نوابزادہ ضیااللہ خان طورو نے ڈیرہ اسما عیل خان کا دورہ کیا، معززین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر اینٹی کر پشن خیبر پختونخوا ہ نوابزادہ ضیا اللہ خان طورو نے کہا ہے کہ سرکاری محکمہ جات میں رنگ سسٹم کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ٹھیکیدار اپنے جائز بلوں کے لیے کمیشن دے کر کیوں اپنا حلال رزق حرام کرتے ہیں، عوام بھی رنگ سسٹم کی نشاندہی کریں تاکہ سرکاری رقم شفاف انداز سے استعمال ہو اور اس کے ثمرات سے عوام مستفید ہوں، انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے کفن باندھ کر بدعنوانی کو روکنے کا جہاد شروع کردیا ہے، کسی قسم کا سیاسی دباؤ، لالچ ہمیں کرپٹ لابی کے خلاف کارروائی سے نہیں روک سکتا اور صرف دس ماہ میں صوبے میں کروڑوں روپے کی ریکوری اس کا عملی ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ اب کوئی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ سیاسی دباؤ یا پیسے کے ذریعے میں نے بدعنوانی کے خلاف تحقیقات رکوا دی ہیں، ماضی میں سرکاری افسران اور عوام میں اس تاثر نے جنم لے لیا تھا کہ جتنی مرضی کرپشن کرو، لوٹی ہوئی رقم میں سے سیاستدانوں کو بھی خوش کرو اور ایک حصہ تحقیقاتی اداروں کے لیے بھی رکھ دو جب کسی نے کرپشن کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی تو سیاسی دباؤ اور رشوت دونوں کے ذریعے جان بچا لیں گے مگر اب وہ وقت ختم ہوگیا ہے، صوبائی حکومت نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور اس اعتماد کی تکمیل کے لئے ایک لمحہ بھی اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج کرپشن کا راستہ نہ روکا تو ہماری اولاد کو مستقبل میں ایک کرپٹ معاشرہ ملے گا اور کوئی باپ یہ نہیں چاہے گا کہ اس کی اولاد کو بدعنوان معاشرہ میسر آئے لہذا اپنی نئی نسل کو کرپشن فر ی معاشرہ فراہم کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ دار ی ہے اس مقصد کے لئے خیبر پختونخوا ہ میں محکمہ اینٹی کرپشن نے ملک کی دولت لوٹنے والوں کے خلاف جہاد شروع کیا ہوا ہے عوام خود سامنے نہ آئیں صرف نشاندہی کریں ہم جان ہتھیلی پر رکھ کر کرپٹ مافیا سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر معاشرے کی اصلاح ممکن نہیں گزشتہ دس ماہ کے دوران خیبر پختونخواہ میں ایک ارب ساڑھے چھ کروڑ روپے کی ریکور ی کی گئی اور کرپشن میں ملوث 542 لوگوں کو گرفتار کیا گیا انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا کریڈٹ میری اپنی ٹیم کو جاتا ہے مگر اصل کریڈٹ کے مستحق صوبہ کے وہ لوگ ہیں جنہوں نے کرپشن کی نشاندہی کی اور جب میری ٹیم نے ایمانداری کے ساتھ تحقیقات کیں تو ہر قسم کے دباؤ اور لالچ کو پس پشت ڈال دیا اور یوں کم عر صہ میں ریکارڈ ریکوری ہوئی انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس اس بات کا ہے کہ لو گ کرپٹ عناصر کی کسی نہ کسی مصلحت یا خوف کی وجہ سے نشاندہی نہیں کر تے حالانکہ مصلحت کے تحت کرپشن پر خاموشی اختیار کرنا اللہ کے نزدیک بھی ناپسندیدہ ہے جبکہ صوبہ بھرکے عوام کو میں یہ پیغام دیتا ہوں کہ کرپٹ عناصر کے خو ف سے نکل آئیں ہمیں نشاندہی کریں ہم نشاندہی کرنے والے کی شناخت پو شیدہ رکھ کر کرپٹ اہلکاروں کو نشان عبرت بنائیں گے، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخواہ ضیااللہ طورو کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام ہمارے کنٹرول میں نہیں تاہم محکمہ کے تفتیش کے شعبہ کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تفتیش کے معاملہ میں کسی قسم کی قانونی سقم ایسی نہ چھوڑی جائے جس سے کرپٹ افراد کو فائدہ ہو، انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ کرپشن جیسے ناسور کے خلاف کام کرنا کوئی آسان کام نہیں یہ مشکل ضرور مگر ناممکن نہیں میں مایوس نہیں ہوں نہ ہی میں اور میری ٹیم نے ہمت ہاری ہے ہمیں جو ڈیوٹی دی گئی ہے ہم وہ کریں گے ہم پر جو فرض عائدکیا گیا اس فرض کی انجام دہی میں اگر جان بھی چلی جائے تو اسے اپنے ماتھے کا جھومر تصور کرتا ہوں، ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک وفد نے بھی صدر اختر قریشی کی قیادت میں نوابزادہ ضیااللہ طورو سے ملاقات کی، اس موقع پر نوابزدہ ضیااللہ طورو نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ، رشوت کے سدباب کے خلاف ہماری جاری مہم میں کامیابی کے لیے وکلاء برادی کا تعاون انتہائی اہم کردار ادا کر سکتا ہے وکلاء برادی کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرے ہم آپ کی توقعات سے بڑھ کر کارروائی کریں گے ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر اختر قریشی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی وکلاء برادی بدعنوانی، رشوت ستانی کے خلاف اینٹی کرپشن کا بھرپور ساتھ دے گی انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار شفیع اللہ خان گنڈہ پور کی جانب سے جاری مہم کو بھی سراہا اور کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر خود بھی وکیل رہ چکے ہیں اور ان کی کارکردگی قابل ستائش ہے، اس موقع پر وکلاء کے وفد نے خیبرپختونخواہ میں دس ماہ میں ایک ارب چھ کروڑروپے کی ریکوری کرنے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخواہ نوابزادہ ضیااللہ طورو اور صوبہ بھر میں کرپٹ عناصر سے سب سے زیادہ ریکوری کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ سرکل سردار شفیع اللہ خان گنڈہ پور کو ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے خصوصی شیلڈز پیش کیں ، خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نوابزدہ ضیااللہ طورو نے ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع اسمبلی ہال میں عوام سے مسائل معلوم کئے اور متعدد محکمہ جات کے بارے میں شکایات سے آگہی حاصل کی، انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سردار شفیع اللہ خان گنڈہ پور کی قیادت میں متحرک، ایماندار ٹیم نے پہلے بھی صوبہ بھر میں مثالی کارکردگی پیش کی اور آج عوامی شکایات پر بھی مختصر وقت میں شفاف تحقیقات کرنے کے بعد کرپٹ عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات عملا دیکھنے کو ملیں گے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Corruption K Khilaf Mohim Jari is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 April 2015 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.