شاہ محمود قریشی تو مسٹر کلین تھے

چھوٹو گینگ کے بڑے کام۔۔۔ سیاست کے بھی عجب رنگ ہیں۔ ایک طرف شاہ محمود قریشی نے اپنے دو ساتھیوں چودھری سرور اور جہانگیر ترین کو للکارا تو دوسری طرف ان کے بھائی مرید حسین قریشی نے اپنے بھائی کیخلاف الزامات کا پٹارہ ایک بار پھر کھول دیا

منگل 26 اپریل 2016

Shah Mehmood Qureshi Tu Mr Clean The
خالد جاوید مشہدی:
سیاست کے بھی عجب رنگ ہیں۔ ایک طرف شاہ محمود قریشی نے اپنے دو ساتھیوں چودھری سرور اور جہانگیر ترین کو للکارا تو دوسری طرف ان کے بھائی مرید حسین قریشی نے اپنے بھائی کیخلاف الزامات کا پٹارہ ایک بار پھر کھول دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی شاہ محمود نے منی لانڈرنگ کی ہے اور اس سے بیرون ملک جائیداد بنائی ہے۔

دونوں بھائیوں کی چپقلش پرانی ہے۔ گدی نشینی کے معاملے پر بھی کچھ عرصہ تک کشیدگی رہی اور مرید قریشی کا دعویٰ تھا کہ وہ بڑے بیٹے ہونے کے ناطے اصل گدی نشین ہیں تاہم گزشتہ عرس کے موقع پر مرید حسین قریشی نے کئی سال سے جاری الگ عرس کی تقریب موقوف کر کے معمول کی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور اپنے بھائی شاہ محمود قریشی سے ہاتھ بھی ملایا جس پر ان کے مرید ین ے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ملتان میں حضرت بہاء الدین زکریا اور ان کے پوتے شاہ رکن عام کے مزارات مرجع خلائق ہیں۔ سارا سال عقیدت مندوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ آمدنی کے اعتبار سے بھی دونوں مزارات بہت زرخیز ہیں۔ مریدین عرس کے موقع پر دونوں بھائیوں کو بھی نہال کر دیتے ہیں۔ شاہ محمود نے جب پیپلز پارٹی چھوڑی تو ان کا رجحان مسلم لیگ ن کی طرف تھا مگر وہاں بات نہ بنی تو پی ٹی آئی میں چلے گے اور کچھ عرصہ بعد بھائی مرید حسین قریشی کو بھی پی ٹی آئی میں لے گئے اور بھائی کی اس حد تک عزت افزائی کی کہ عمران خان کو ملتان بلوایا اور ایک باضابطہ تقریب میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی مگر جلد ہی وہ اُکتا گے اور واپس پیپلز پارٹی میں چلے گے۔

جب مریدحسین قریشی نے عرس میں شرکت کی تو گمان تھا کہ اب ان کی ذاتی لڑائی ختم ہو گئی ہے مگریہ منی لانڈرنگ والا پتھر پھینک کر انہوں نے پھر ماحول میں ارتعاش پیدا کر دیا ہے۔ اگرچہ یہ الزام بے محل ہی لگتا ہے ۔ شاہ محمود بہت دولت مند شخص ہیں۔ زمینوں کی کثیر آمدنی کے علاوہ وہ تین روحانی گدیوں کے سجادہ نشین ہیں ۔ ان کے نذرانوں سے ان کے خزانے بھرے رہتے ہیں اور سیاست میں ان کے پارٹی بدلنے کا ایک عیب ضرور ہے مگر کرپشن یا منی لانڈرنگ سے ان کا دامن بظاہر پاک ہے اور ان کی اس حوالے سے شہرت ”مسٹر کلین“ کی ہے۔

ویسے بھی مرید قریشی سے جب پوچھاگیا کہ آپ کے پاس بھائی کی منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت بھی ہے تو انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر سب کچھ سامنے آجائے گا۔ اس کا مطلب یہی ہے کہ کوئی ثبوت نہیں ہے۔
گزشتہ ہفتے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کافی متنازع ہو جانے پر فوج کو طلب کرنا پڑا۔ چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول کا قد تو کہتے ہیں 6 فٹ کے قریب ہے مگر بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہونے کی وجہ سے چھوٹو مشہور ہو گیا۔

گینگ عرصہ سے وارداتوں میں مصروف ہے۔ اغواء برائے تاوان اس کا خاص کاروبار ہے۔ اس گروہ کے خاتمے کے لیے کم وبیش پانچواں آپریشن جاری ہے اور ہر دفعہ وہ پہلے سے طاقتور بن کر نکلتا ہے مگر کوئی کتنا ہی طاقتور اور مضبوط ہو آخر کار وہ زوال اور موت سے ہمکنار ہوتا ہے۔ اس بار لگتا ہے کہ اس گینگ سے نجات مل جائے گی اور علاقے کے لوگ سُکھ کا سانس لیں گے۔

ملتان کے کئی کاروباری افراد بھی اس کی ”میزبانی“ کا ذائقہ چکھ چکے ہیں ۔ عام طور پر بڑے بڑے جرائم پیشہ افراد اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے نتیجے میں انتقاماََ جرائم کی دنیا میں داخل ہوتے ہیں اور آہستہ آہستہ طاقت حاصل کرتے جاتے ہیں۔ ہمارا عمومی ماحول بھی اس عمل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ چھوٹو کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ 2002 میں وہ چھوٹی موٹی گھریلو چوریوں سے آغاز کر کے جرائم کی دنیا میں داخل ہوا اور اس دوران اس کی آبادی زمین پر کچھ لوگوں نے قبضہ کر لیا جسے چھڑوانے کے لیے اس نے گروہ بنالیا اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اس نے اس علاقے میں کام کرنے والے چینی انجینئرز کو اغوا کر لیا۔

چینیوں کی جان بچانے کے لیے پولیس نے سخت ایکشن کی بجائے علاقائی وڈیروں کے توسط سے اس سے رابطہ کر کے مبینہ طو ر پر بھاری رقم ادا کر کے معاملے کو نمٹایا جس کے بعد اس کے حوصلے بے پناہ بڑھ گے اور نوبت وسیع آپریشن تک پہنچ گئی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Shah Mehmood Qureshi Tu Mr Clean The is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 26 April 2016 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.