’غداری‘ یا آئین شکنی تشریح کرنا عدالت کا کام!

چوہدری شجاعت کا آرٹیکل 6میں ’ہائی ڈویژن‘ کے درست ترجمے کیلئے ترمیمی بل پیش مشرف کو ”غداری کے مقدمہ“ میں ممکنہ سزا سے بچانے کیلئے مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم خم ٹھونک کر میدان میں اتر آئی ہیں

جمعہ 10 جنوری 2014

Gaddari Ya Aain Shikni

نواز رضا:
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اپنے کلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت زیر سماعت مقدمہ میں پیشی کے لئے آتے ہوئے ”علالت“ کے باعث اچانک آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جا پہنچے۔ بظاہر وفاقی حکومت کیلئے اسے پریشان کن صورتحال قرار دیا جاسکتاہے لیکن حکومت کے ترجمان شروع دن سے ہی جنرل (ر) مشرف کے خلاف اس مقدمے کے بارے میں واضح مئوقف رکھتے ہیں کہ مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے خصوصی عدالت سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔ حکومتی ادارے آئین اور قانون کی رو سے ٹربیونل کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ دوری طرف جنرل (ر) مشرف کو ”غداری کے مقدمہ“ میں ممکنہ سزا سے بچانے کیلئے ان کی سابق اتحادی جماعتیں پاکستا ن مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم خم ٹھونک کر میدان میں اتر آئی ہیں اور سیاسی محاذ پر ان کا دفاع کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی بالواسطہ طور پر جنرل (ر) پرویز مشرف کو ایمر جنسی کے غیر آئینی اقدام پر ٹرائل سے بچانے کیلئے 3نومبر 2007ء کی بجائے 12اکتوبر 1999ء کو مارشل لاء کے اقدام پر کارروائی کا مطابلہ کر کے ایک تیر سے دو شکار کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس طرح جہاں وہ جنرل مشرف کے ساتھی جرنیلوں کے ساتھ سابق چیف جسٹس کو ” کورٹ آف لاء“ میں کھڑا دیکھنا چاہتی ہے وہیں وہ مسلم لیگی حکومت کو ایک ایسی دلدل میں دھکیلنا چاہتی ہے جہاں سے اس کا نکلنا مشکل ہوجائے۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران جنرل (ر) مشرف کی خصوصی عدالت مین پیشی کو مئوخر کرنے کیلئے مختلف بہانے تراشے جاتے رہے ان کے گھر کے قریب سے بارودی مواد برآمد ہونے پر ان کی پیشی پر حاضری مئوخر ہوتی رہی بالآخر جب خصوصی عدالت نے جنرل پرویز مشرف کو ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا تو وہ گھر سے خصوصی عدالت میں پیشی پر پہنچنے کی بجائے ” عارضہ قلب “ میں مبتلا ہو کر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جا پہنچے۔ اب وہ گزشتہ ہفتے سے اسی انسٹی ٹیوٹ آف کاڈیالوجی میں زیر علاج ہیں۔جہاں ان سے کسی شخص حتیٰ کہ انکے وکلاء کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں۔ خصوص عدلت کے حکم پر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے انکے بارے میں میڈیکل رپورٹ پیش کردی ہے جس میں جنرل مشرف کو ” مجموعہ عوارض“‘ قرار دیا گیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں جنرل مشرف کو لاحق 9امراض کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں انکے دل کی ایک شریان بھی بند بتائی گئی ہے۔ سردست جنرل مشرف کو عدالت میں حاضری سے استثناء دیدیا گیا ہے۔ ایسا دکھائی دیتا ہے جنرل (ر) پرویز مشرف کو فارم ہاؤس سے خصوصی عدالت میں پیش کرنیکی بجائے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لیجانے کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ جب ان کے قافلے کا رخ خصوصی عدالت کی بجائے اے ایف آئی سی کی طرف کیا گیاتو اس وقت اسلام آباد پولیس کی بے بسی دیدنی تھی۔ دراصل جنرل مشرف نے اپنے گھر سے نکل کر اے ایف آئی سی میں ”پناہ“ لے لی ہے۔ جہاں وہ عملاََ فوج کی تحویل میں ہیں جہاں سول حکومت کی ان تک رسائی نہیں۔ اے ایف آئی سی میں انکے براجمان ہوجانے پر سیاسی حلقوں میں دلچسپ تبصرے کئے جارہے ہیں۔ اے این پی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ جنرل مشرف میں سیاسی کارکن جتنی بھی ہمت نہیں ۔ ایک آمر اور سیاست دان میں یہی فرق ہے۔ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جرنل مشرف کے پناہ لینے کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف سیدھے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پاس جا پہنچے ۔ اس ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ ” میاں نواز شریف عدالت میں پیش ہوتے رہے، کبھی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے قوم نے دیکھایا کون کتنے پانی میں ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ جنرل مشرف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا“۔ لیکن قرائن بتاتے ہیں امریکہ چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت جنرل پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دلوانے کیلئے سفارتی محاذ پر سرگرم عمل ہیں۔پاکستانک کے دوست ممالک انہیں عدالتی کارروائی سے بچا کر بیرون ملک لے جانے کیلئے کوشاں ہیں اگرچہ حکومتی حلقوں کی طرف سے اس بات پر اصرار کیا جارہا ہے جنرل مشرف کو بیرون ملک بھجوائے جانے کے بارے میں کوئی ملکی یا غیر ملکی دباؤ نہیں تاہم ایک اعلی حکومتی عہد یدار نے کہا کہ جنرل مشرف کا ملک سے باہر چلے جانا ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ پہلے ہی ملک کو کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ حکومت کو اپنی تمام تر توجہ ان مسائل کے حل کی طرف مبذول کرنی چاہئے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر خلیفہ النہیان اور سعودی عرب کے وزیر کارجہ سعود الفیصل کا دورہ پاکستان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جب سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل سے ان کے دورہ پاکستان کے بارے میں دریافت کیا گیا تو وہ طرح دے گئے کہ ” وہ کسی مشن پر پاکستان آئے ہیں اور نہ ہی ان کی اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں جنرل مشرف کا معاملہ زیر بحث آیا، مشرف کا کیس پاکستان کا اندرونی معاملہ ے اور وہ دوستی ، تعاون اور ہر موسم میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کا پیغام لے کار آئی ہیں۔ “ لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا ہے این آر او - 3تیا کیا جارہا ہے این آر او 1- کے تحت میاں نواز شریف کو جدہ بھجوایا گیا تھا جب کہ این آر او 2- کے تحت آصف علی زردادی کو معافی ملی اب این آر او 3-کے تحت اسی طرح جنرل مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل جائے گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سید منور حسن نے کہاہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کو ملک سے باہر جاکر علاج کرانے سے خود ہی انکا ر کردینا چاہئے تاکہ وہ اپنے خلاف الزامات کا دفاع کر سکیں۔ لیکن کچھ ” سیاسی اور غیر سیاسی قوتیں “ اس کیس کو منطقی انجام سے بچانا چاہتی ہیں۔ سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان اس بات پر مصر ہیں کہ پرویز مشرف آئندہ چند روز میں ڈیل کر کے بیماری کی حالت میں باہر چلے جائیں گے۔ جنرل ّر) پرویز مشرف کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے ان کا فرم ہاؤس ڈیل کی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے ۔ اہم وفاقی اور صوبائی وزراء کے ساتھ ساتھ ایک سابق وزیر خاجہ بھی سرگرم عمل ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین جہاندیدہ اور خاموش طبع سیاست دان ہیں وہ بہت کم بولتے ہیں لیکن جب بات کرتے ہیں تو اسکا کوئی مقصد ہوتا ہے۔ انہون نے جنرل مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری اک مقدمہ چلانے پر احتجاج کیا او کہا ہے کہ اس سے پوری دنیا کو کیا پیغام جائے گا کہ پاکستان کا آرمی چیف غدار نکلا ہے؟ آرٹیکل 6کے حوالے سے ان کا کہنا ہے لفظ ” ہائی ڈویژن“ کا غلط ترجہ کیا جارہا ہے۔ مقدمہ میں ان کی خلاف غداری کے الزام کی بجائے آئین شکنی کا لفظ استعمال کیا جانا چاہئے، اگر پرویز مشرف کا ٹرائل کرنا ہی ہے تو پھر 12اکتوبر 1999ء سے کیا جائے ۔ اگر چہ لفظ ہائی ڈویژن کی تشریح کرنا اب عدالت کا کام ہے تاہم چوہدی شجاعت نے اگلے ہی روز آئین کے آرٹیکل 6میں ترمیم کا بل بھی سینیٹ میں پیش کردیا ہے۔ مشرف بلا شبہ اب حکومت اور خصوصی عدالت کی گرفت سے نکل کر فوج کے طبی ادرے میں زیر علاج ہیں مگر ابھی تک کسی فوجی ترجمان نے جنرل مشر ف کے بارے میں وضاحت کرنا ضروری نہیں سمجھی۔ اس سے ان شکوک و شبہات کو تقویت مل رہی ہے کہ فوج اپنے اس ” سابق جرنیل“ کو اس مقدمہ میں بطور فریق (مدعا علیہ) بھی دیکھنا نہیں چاہتی۔ بہر حال وزارت دفاع کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہ اہے کہ سابق اآرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے خلاف عدالت میں زیر سماعت مقدمہ سے فوج کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی خصوصی عدال کے ججوں میں کوئی فوجی مامور ہے۔ یہ سراسر ایک عدالتی معاملہ ہے جو عدالت میں ہی چل رہا ہے۔ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آ ف کارڈیالوجی کا شمار دنیا کے بہترین امراض قلب کے ہسپتالوں میں کیا جاتا ہے، جہاں لوگ باہر سے آکر بھی علاج کرواتے ہیں۔ اب دیکھا یہ ہے کہ جنرل مشرف خود کو عدالت انصاف کی رضا پر چھوڑ دیتے ہیں یا اپنے لئے خصوصی رعایت طلب کرتے ہیں؟ میڈیکل رپورٹ کے بارے میں خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد ہی جنرل پرویز مشرف کے آئندہ عزائم کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Gaddari Ya Aain Shikni is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 January 2014 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.