نواز شریف کا ملک کو ترقی کی شاھراہ پرگامزن کرنے کی سزا ملی؟

اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں مظاہرے۔۔۔ مجھے فخر ہے کہ میرے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،میاں محمد نواز شریف

پیر 7 اگست 2017

Nawaz Sharif Ka Mulk Ko Taraqi Ki Shahrah Par Gamzan Karnay Ki Saza Mili
سید ساجد یزدانی:
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)نے ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں رہنماؤں و کارکنوں نے وزیراعظم نواز شریف اور ظلم ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے لگائے۔

ریلی میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خواجہ احمد حسان نے کہا سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے پر حیرت ہوئی۔ نواز شریف کو صرف ملک کی ترقی کی سزا ملی ۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مسلک لیگ (ن) دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔ رائے ونڈ میں بھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری عبدالغفور کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

(جاری ہے)

ریلی میں شریک شرکاء نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا قدم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

دریں اثنا رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے کارکنان کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ مسلم لیگ (ن)پی پی 157 سے امیدوار ایم پی اے ملک منصب فرمائش اعوان کی قیادت میں نواز شریف کی نااہلی کے خلاف مناواں جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا گیا۔ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق خداداد ہائٹس سے انجم عقیل خان کی قیادت میں یوتھ ونگ کی ریلی نکالی گئی۔

جی ٹین ، ایف ٹین، گولڑہ، جی نائن، سے ہزاروں گاڑیاں، موٹر سائیکل ریلی میں شریک ہوتے رہے۔ مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے کارکنان سارے راستے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ انجم عقیل خان نے اس موقع پر کہا نواز شریف قوم کے محسن ہیں۔ وہ عوام کے دلوں میں رہتے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے توفیق احمد بٹ کی قیادت میں میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔

ریلی گلشن اقبال پارک سے شروع ہوکر غلام دستگیر خان کے گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ کارکنوں نے جھنڈے وبینرز اٹھا رکھے تھے اور فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم بتانا چاہتے ہیں نواز شریف کی حکمرانی عوام کے دلوں پر ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی انجنیئر خرم دستگیر خان نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ،اربوں روپے کے الزامات عائد کرنے والوں کو میاں نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہ مل سکا، عوام اطمینان رکھیں ان کا وزیراعظم صادق بھی ہے اور امین بھی ، شریف خاندان کو عدالت سے انصاف نہ مل سکا لیکن 2018ء میں پاکستان کے عوام ضرور انصاف کریں گے۔


شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلع بھر سے مسلم لیگ (ن)کے ارکان اسمبلی چیئرمین ضلع کونسل ، چیئرمین میونسپل کمیٹی، مقامی عہدیداران کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پیراشرف رسول ایم پی اے کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)تحصیل فیروز والہ نے ریلی نکالی پیراشرف ایم پی اے نے وزیراعظم نواز شریف اور امن ہو یا جنگ نواز شریف کے سنگ کے نعرے لگوائے، مشتعل کارکنوں نے ٹائر جلا کر لاہور مرید کے جی ٹی روڈ بند کردی۔

ادھر چیئرمین ضلع کونسل رانا محمد عتیق انور کی قیادت میں ممبران ضلع کونسل ، لیگی کارکنوں اور مقامی عہدیداروں احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ناروال چوک سے شروع ہوکر پرانا بلدیہ روڈ پر اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف سندھیلہ ایم پی اے نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیداروں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کا دامن صاف ہے کرپشن کا الزام لگانے والوں نے ایک بھی الزام ثابت نہیں کیا عمران خان غیر سنجیدہ سیاستدان ہیں اور وہ ان قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں جو ملک میں ترقی جمہوریت کو چلنے نہیں دینا چاہتے ۔

مسلم لیگ (ن)کہ مرکزی رہنما میاں محمد جاوید لطیف ایم این اے نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کروڑوں پاکستانیوں کے دل میں بستے ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں بہت بار مختلف طریقوں سے گرائی گئیں ، ہم پرامن ہیں مگر اپنی سیاسی قیادت کو دیوار لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،تین نسلوں کا احتساب ہوا مگر کچھ برآمد نہیں ہوا پھر بھی نااہلی کا فیصلہ سنا کر عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کا نااہل کردیا گیا ،ہمارا یقین ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری ہونی چاہیے مگر احتساب کی آڑ میں سیاسی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔


حکومت نے سازشوں اور دھرنوں کے باوجود اپنے چار برسوں میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں اور مخالفین کو واضح نظر آرہا تھا نواز شریف نے ایک سال ار نکال دیا تو ان کی سیاست منوں مٹی تلے دفن ہوجائے گی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے مجھ پر کرپشن کا اک بھی داغ ثابت نہیں ہوسکا، ایسے میں مجھے نامعلوم وجوہات کی بناء پرنااہل قرار دیا گیا جس کا مجھ کو ابھی تک علم نہیں ہوسکا۔

ایسے میں مجھ کو کوئی بھی شرمندگی نہیں کیونکہ میرا دامن صاف اور سرفخر سے بلند ہے اور انشاء اللہ آج بھی ملک کی اکثریت پر مشتمل عوام کے دلوں پر راج کا فخر حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں کشمیر پوائنٹ پر واقع اپنی نجی رہائش گاہ پر آمد اور وہاں کچھ دیر قیام کے بعد چھانگلہ گلی کی جانبن جاتے ہوئے رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے سینکڑوں کارکنوں کے فلک شگاف استقبالیہ نعروں کی گونج میں خطاب کے دوران کیا۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ سرکاری خزانے عوا م کے سامنے ہیں جہاں آج تک ان پر ایک روپے کی بھی خودبرد ثابت نہیں ہوسکی۔ اس موقع پر وہاں سیاحوں کے جم غفیر اور مسلم لیگ کے کارکنوں نے زبردست نعروں کی گونج میں صادق اور امین قرار دیتے ہوئے کہا وہ ان کے ایک اشارے پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں جس پر نواز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سیاح خاندانوں کے معصوم بچے اور ان کے والدین نواز شریف اور ان کے اہل خانہ سے ملنے کیلئے بے چین نظر آئے۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ نواز شریف اور ان کے اہل خانہ تمام تر حفاظتی انتظامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کے قریب آگئے۔ مقامی لوگوں اور سیاحوں نے ان کو اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور ان کے حق میں اور عمران خان کے خلاف زبردست نعرے لگاتے رہے جن میں”گو عمران گو“ کو نعرہ فلک شگاف تھا۔

مری میں قیام کے دوران ایک آدھ اہم شخصیت کے علاوہ کسی سے بھی ملاقات نہیں کریں گے۔ مری میں آمد کے موقع نواز شریف یہاں موجود تمام افراد سے ملتے ہوئے انتہائی ہشاش بشاش تھے۔ اس موقع پر ان کی نجی رہائش گاہ کے بعض ملازمین کی نم ناک آنکھوں کو دیکھ کر محمد نواز شریف نے ان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے انہیں صبر اور حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے اپنے اور مسلم لیگ ن کیلئے مثبت سوچ کا اظہار کیا
ان کی رہائش گاہ پر مقامی رہنما اور کارکن پہنچ گئے جن میں مقامی مسلم لیگی رہنما مرزا سہیل بیگ،راجہ طاہر،آفتاب ، معین الحق، اسد اقبال عباسی ایڈووکیٹ اور دیگربھی موجود تھے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف مری میں چند گھنٹے قیام کے بعد ملحقہ خیبر پی کے میں واقع چانگلہ گلی کیلئے روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤ س خالی کردیا، روانگی سے قبل نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے سٹاف سے الوداعی ملاقات کی۔ نواز شریف اہل خانہ کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس سے مری کے لئے چلے گئے ۔ نواز شریف بغیر پروٹوکول اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری پہنچے۔

اس سے قبل انہوں نے وزیراعظم ہاؤس عملے سے الوادعی ملاقات کی اور ان کی خدمات کوسراہا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ نواز شریف کا سامان دو روز قبل ہی وزیراعظم ہاؤس سے شفٹ کردیا گیا تھا۔ نواز شریف کا مری پہنچنے پر زبردست خیر مقدم کیا گیا۔ عوام کی بڑی تعداد کشمیر پوائنٹ پر سابق وزیراعظم کو دیکھ کر جمع ہوگئی اور وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔

مری پہنچنے پر نواز شریف عام لوگوں میں گھل مل گئے، لوگوں نے نواز شریف کو دیکھ کر ہاتھ ہلائے ۔ حسین نواز اور مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ تھے۔ لیگی کارکنوں نے اپنے قائد کے حق میں خوب نعرے لگائے۔ اس موقع پر شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں کہا عمران خان نے چار سال میں جھوٹ بولنے کی مہارت حاصل کی،عمران خان نے خیبر پی کے میں چار برسوں میں کیا کارکردگی دکھائی؟ خیبر پی کے میں نئے پاکستان کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھ سکے۔

جو لوگ انکے ساتھ رہ گئے وہ بھی ایک دن پچھتائیں گے 2018ء میں وہ کرسیاں بھی خالی ہونگی جن سے یہ خطاب کرتے ہیں۔ جلسے میں ویڈیو دیکھا کر عمران خان نے اپنا مائنڈ سیٹ ظاہر کیا۔ عمران خان نے دوسروں کی پگڑیاں اچھالنے کے علاوہ کوئی بات نہیں کی، نواز شریف نے تین نسلوں کا حساب دیا، جھوٹ بول بول کر سچ نہیں بنتا، عمران خان کے جلسہ سے زیادہ لوگ تو مری میں نواز شریف کو خوش آمدید کہنے آئے تھے، عمران کو اب پاکستان کے آئین و قانون کے آگے جوابدہ ہونا پڑیگا، لاکھوں کا مجمع کیا ہوتا ہے ہم جلد انہیں بتائیں گے، اب کوئی بھی ہو قانون کے آگے جھکنا پڑیگا، نواز شریف نے قانون کے آگے جھکنے کی روایت رکھی ہے، چار سال میں عمران نے جو کیا کسی ایک سڑک جو انہوں نے بنائی اسکا ذکر کرتے۔

آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم اورنگزیب نے مری میں نواز شریف کے استقبال پر کہا اب شیر آزاد ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پوری قوم میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ہم 2018ء میں دوبارہ آئیں گے اور اگلی مرتبہ ہمیشہ رہیں گے۔
مسلم لیگ (ن)کی جانب سے نواز شریف سے اظہار یکجہتی اور تحریک انصاف کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر جشن منانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن)کے کونسلروں اور کارکنوں نے نواز شریف سمیت قائدین سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹاؤن ہال سے استنبول چوک تک ریلی نکالی جس میں قائدین کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ اسلام آباد میں مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ‘ طلبہ ونگ،لیبر ونگ،ایم ایس ایف کے رہنماؤں نے جی نائن اسلام آباد اور چٹھہ بختاور سے ریلیاں نکالی گئیں۔

دونوں ریلیاں آبیارہ میں یکجا ہوئیں اور بعد ازاں پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا اور سپریم کورٹ کے قریب احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ دوسری ریلی چٹھہ بختاور سے ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید کی قیادت میں نکالی گئی۔ سپر مارکیٹ میں مختصر احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ سردار مہتاب نے کہا کہ پاکستان کی 73 سال کی تاریخ میں ایسے فیصلے کی مثال نہیں ملتی جو پانامہ کیس کا کیا گیا ہے۔

عوام میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں ۔ ملتان میں احتجاج کے دوران یوسی چیئرمین نے خود سوزی کی کوشش کی۔ لاہور کے حلقہ این اے 124 میں یوسی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر مسرت چیمہ کی طرف سے مرکزی دفتر میں تقریب میں سینکڑوں مرد خواتین کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں میاں افتخار، حاجی صادق چودھری آصف اور محمد اصغر بٹ سمت حلقے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور عمران خان کی درازی عمر اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے کئی سالوں پہلے ملک میں معاشی اور سماجی انصاف اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا، پانامہ لیسن پر عدالت کا تاریخی فیصلہ اس کا ثمر ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پوری قوم جے آئی ٹی کے ممبران کو دباؤ کے باوجود شفاف تحقیقات اور عدالت عظمیٰ کے ججز کو حق اور سچ پر مبنی فیصلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

شیخوپورہ میں اظہار یکجہتی ریلیوں سے چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور اور رکن صوبائی اسمبلی پیراشرف رسول نے خطاب میں کہا کہ میاں نواز شریف پہلے بھی ہمارے دلوں کی دھڑکن تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ شیخ شبیر احمد، رانا ماجد نواز، چودھری فریادبہادربھلہ،وائس چیئرمین ریاض گجر، تحصیل صدر حاجی مظفر احمد ظفر،چیف کو آرڈنیٹر چودھری محمود احمد گورائیہ ، وائس چیئرمین کوٹ عبدالمالک ملک ضیاء اللہ ڈسٹرکٹ میڈیا کو آرڈینیٹر ندیم گورایہ، ممبر ضلع کونسل عامر حسیب، چودھری ارشد ورک، عطیہ افتخاربیگ، حاجی رفیق الحسن قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Nawaz Sharif Ka Mulk Ko Taraqi Ki Shahrah Par Gamzan Karnay Ki Saza Mili is a political article, and listed in the articles section of the site. It was published on 07 August 2017 and is famous in political category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.