”ہماری زندگی تو الف لیلیٰ جیسی ہے“

”اپنے رب کی کس کس نعمت کو جھٹلاؤ گے؟“ کیامنحوس دور آگیا ہے کہ ہر طرف لاشیں، دہشت گردی، قتل و غارت، ریپ ، اغواء ، بارود، خون ، آنسو اورانسانی بے بسی دیکھ کر شاید کوئی پتھر دل انسان ہی ہوگاجو پریشان نہیں ہوتا۔

بدھ 26 فروری 2014

Hamari Zindagi Tu Alif Laila Jaise Hai
سکندر بلوچ:
کیامنحوس دور آگیا ہے کہ ہر طرف لاشیں، دہشت گردی، قتل و غارت، ریپ ، اغواء ، بارود، خون ، آنسو اورانسانی بے بسی دیکھ کر شاید کوئی پتھر دل انسان ہی ہوگاجو پریشان نہیں ہوتا۔ ہمت ہے ہمارے لیڈروں کی جو ان انسانی بے بسی کے ماحول میں بھی قوم کا نیا لاہور، بلٹ ٹرین، مری ٹرین اور میٹروبس وغیر کے منصوبوں کی خوشخبریاں سناتے رہتے ہیں یا رنگینی طبع کیلئے اربوں روپے خرچ کر کے فیسٹیول مناتے ہیں۔

ایک طرف آہیں بھرتے بے بس اور بھوک سے مرتے ہوئے عوام اور دوسری طرف ہاتھ ہلاتے مسکراتے چہروں والے لیڈر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ عوام کا جہاں اور ہے اور شرفاء کا جہاں اور۔
کہتے ہیں خوف میں انسان بہتر مسلمان بنتا ہے۔ دعاؤں میں زیادہ خلوص ہوتا ہے فرق صرف یہ ہوتا ہے کہ زمانہ امن میں لوگ آخرت کی بخشش کی دعا مانگتے ہیں اور آجکل صرف زندگی کی بخشش کی۔

(جاری ہے)

میں ذاتی طور پر اس آنسو بھرے سوگوار ماحول سے اس قدر تنگ آگیا ہوں کہ میں نے ارد گرد کوشیاں تلاش کرنی شروع کردی ہیں۔آخرکوئی چیز تو مسکراہٹ کا ذریعہ بھی بنے۔ مجھے احساس ہوا کہ ہم کتنے ناشکرے اور کم عقل انسان ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک جدید اور ترقی یافتہ پاکستان میں پیدا کر کے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ یہ سوچ کرہی دل خوشیوں سے بھر جاتا ہے۔


جدید پاکستان کی سب سے اچھی چیز یہاں کی انتہائی جدید علاج معالجہ کی سہولتیں ہیں۔ مختلف اخبارات کے سنڈے میگزین میں صحت کے مختلف اشتہارات پڑھتا ہوں تو حیران ہوتا ہوں کہ ہمارے حکیموں اور سائنسدانوں نے سینکڑوں قسم کے تو صرف”وٹامن“ ایجاد کرلئے ہیں جن میں ہر بیماری کیلئے علیحدہ علیحدہ وٹامن موجود ہیں۔ ان سے کوئی بیماری بچ ہی نہیں سکتی۔

اگر وٹامن کی طرف رجوع نہ ہوتو سینکڑوں حکماء کے اشتہاروں پر نظر پھیریں۔ دنیا کی کسی بیماری کا سوچیں علاج موجود ہے۔ اب تو اپنے ہاں دل ، گردے، دماغ یا جسم کے کسی اور عضو کے آپریشن کی ضرورت ہی نہیں رہی کیونکہ ہر ایک بیماری کاشافی علاج موجود ہے۔ یہ اتنے کارگر نسخے ہیں کہ آئی ہوئی موت کو بھی ٹال دیتے ہیں۔ یہ تو رہی طب کی ترقی۔ ہومیو پیتھک علاج کی ترقی اس سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

آدھی بیماری تو صرف اشتہار پڑھ کر ہی ٹھیک ہوجاتی ہے۔
ہومیوپیتھک پر اگر دل نہ جمے تو اپنے ہاں ہر قسم کا روحانی علاج بھی موجود ہے۔ ایسے ایسے عالم اور اللہ والے موجود ہیں کہ صرف ایک پھونک دے پورا گھر شفایاب ہوجاتا ہے۔ پھر اپنے ہاں کالے جادو کے توڑ والے عامل بابا، گنڈے تعویز اور دم دورد والے، اللہ والے پیر صاحبان اور باعمل بزرگ صرف زندہ ہی انسانی خدمت کیلئے ہیں۔

اولاد چاہیے ہو، شادی نہ ہوتی ہو، کوئی پرانا ماذی مرض ہو، جسم میں کوئی نقص ہو، ساس یا خاوند کو قابو کرنا ہو ملازمت نہ ملتی ہو، خاوند یا افسر سخت ہو، سب کچھ چٹکیوں میں ٹھیک ۔ مقدمے جیتنے کیلئے ججوں کو قابوں میں کرنے کے نسخوں کی سہولت بھی موجود ہے۔ دنیا کے بھلا کس ملک میں اتنی سہولتیں میسر ہیں؟
اب آئیں کھانے پینے کی طرف ۔ شکر ہے اللہ تعالیٰ کا کہ ہمیں انواع و اقسام کے کولڈ ڈرنکس عطا کئے ہیں۔

گو میں ذاتی طور پر ان میں سے کسی بھی نعمت سے مستفید نہیں ہوتا لیکن ان مشروبات کی خفیہ طاقت دیکھ کر عش عش کر اٹھتا ہوں ۔ یہ مشروب پی کرہی نوجوان درختوں سے بھی بلند چھلانگیں لگاتے ہیں ، ہوا میں اڑتے ہیں۔ با الفاظ دیگر ایک بوتل اُن کی زندگی ہی بدل دیتی ہے۔ پی کر وہ کای خوبصورت گانے گاتے ہیں کہ اگر کبھی قبرستان کے نزدیک گائیں تو مردے بھی زندہ ہوجائیں اور پھر انکا ڈانس تو ویسے ہی قابل فخر ہوتاہے ۔

چاکلیٹ کی ایسی ایسی قسمیں ایجاد کرلی گئی ہیں کہ کھاکر جنس بھی تبدیل ہوجاتی ہے۔ ایسی چائے بھی ایجاد ہوچکی ہے کہ ایک کپ پی لیں تو کئی بیماریاں دور۔ خوشی سے سارا دن چھلانگیں لگائیں یا گانے گائیں۔ بڑے بڑے معرکے ماریں بس صرف ایک کپ۔
اس سے اگلی شاندار ترقی موبائل فون کی ہے۔ موبائل فون پاکر نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی اچھل کود سے تو یہ احسان ہوتاہے کہ جیسے انہیں دونوں جہانوں کی نعمتیں مل گئی ہوں، حتیٰ کہ ایک اشتہار میں ایک بادشاہ سلامت بھی موبائل فون کیلئے بیقرار ہیں۔

پھر اسکی سکرین کی تعریف جس میں ہزاروں قسم کی سہولتیں موجود۔ انعامات کی بارش ، اب بھلا نوجوانوں کو پڑھنے یا کام کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
خواتین کیلئے تحائف دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ اتنے رنگ برنگے اور شاندار ملبوسات کہ پہن کر پریاں لگیں۔ رنگ گورا کرنیوالی نایاب قسم کی کریمیں جن کے استعمال سے چند دنوں میں رنگ گورا ہو جائے۔ اب وزن کم یا زیادہ کرنا بھی کوئی مسئلہ نہیں رہا ۔

ایسے ایسے کیپسول موجود ہیں کہ جن کے استعمال سے منوں وزن دنوں میں کم ہوجائے اور کمر اتنی پتلی اور شاندار باڈی نکل آئے کہ گھر والے بھی نہ پہنچان سکیں ۔ طلباء و طالبات کیلئے ایسے ایسے تعلیم یکورسز موجود ہیں کہ محنت کی ضرورت ہی نہیں۔ چند ہفتوں میں انگریزی زبان پر عبور حاصل۔ امتحان کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو شاندار پوزیشن کے ساتھ پاس کریں۔


نوجوانوں کیلئے پیزا، برگر جیسی نعمتیں۔ مختلف مصالحہ جات، برتن صفائی والے لوشن جس کے ایک قطرے سے سب کچھ صاف، کپڑے دھونے کیلئے شاندار پاؤڈر جو کپڑے کو صرف دکھا ہی دیں تو سب کچ صاف۔ یہ تو محض چندمثالیں ہیں ہماری زندگی تو الف لیلیٰ جیسی زندگی ہے، جسے انجوائے نہ کرنا یقیناََ کفران نعمت کے مترادف ہوگا۔ لہٰذا چھوڑیں آہوں، آنسوؤں ، دھماکوں اور لاشوں کی زندگی۔ اندازہ لگائیں قدرت کس قدر فیاض اور رحم دل ہے جس نے پاکستان کو اتنی نعمتوں سے نوازا ہے۔ آئیں اللہ تالیٰ کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوں۔ اتنی زیادہ نعمتیں تو شاید جنت میں بھی نہ ملیں۔ ہم اسکی کس کس نعمت سے انکار کرسکتے ہیں؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Hamari Zindagi Tu Alif Laila Jaise Hai is a social article, and listed in the articles section of the site. It was published on 26 February 2014 and is famous in social category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.