چودھری نثار نے خود کو احتساب کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کر دیا

جمعرات کو پارلیمانی تاریخ کا اہم واقعہ پیش آیا ،نواز شریف کابینہ کے طاقت ور وزیر چوہدری نثار علی خان نے اپنے آپ کو پارلیمنٹ کے سامنے احتساب کے لئے پیش کر دیا ۔انہوں نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر کے نواز شریف کابینہ کے دیگر ارکان کو مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا ۔

جمعہ 18 دسمبر 2015

Ch Nisar Ne Khud Ko Ehtisab K Liay Parliment K Samnay Paish Kar Dia
نواز رضا:
جمعرات کو پارلیمانی تاریخ کا اہم واقعہ پیش آیا ،نواز شریف کابینہ کے طاقت ور وزیر چوہدری نثار علی خان نے اپنے آپ کو پارلیمنٹ کے سامنے احتساب کے لئے پیش کر دیا ۔انہوں نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر کے نواز شریف کابینہ کے دیگر ارکان کو مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا ۔اوپننگ بیٹسمین پچھلے اڑھائی سال سے وزراء کی کارکردگی کی مانیٹرنگ پر زور دے رہے ہیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارلیمنٹ میں وزارت داخلہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کا جرات مندانہ اقدام کیا ،شاید انہیں بھی اس بات کا اندازہ نہیں کہ انہیں رپورٹ پیش کرنے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے اس قدر پذیرائی ملے گی۔

انہوں نے عرق ریزی سے وزارت داخلہ کی رپورٹ تیا ر کی ،اپوزیشن بالخصوص پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کی چوہدری نثار علی خان سے نہیں بنتی پیپلز پارٹی کے بعض رہنما ؤں کی توپوں کا رخ چوہدری نثار علی خان کی طرف ان کی ”پیپلز پارٹی سے دشمنی“ کی وجہ سے ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ایوان میں سید خورشید شاہ موجود تھے اور نہ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمد قریشی لہذا دونوں جماعتوں کی دوسرے درجے کی قیادت نے وفاقی وزارت داخلہ کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کا پوسٹ مارٹم کیا دلچسپ امر ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی تیار کردہ رپورٹ اس حد تک جامع تھی کہ انہوں نے اس میں مین میخ نکالنے کی بجائے اس کے سحر میں مبتلا ہو گئی ۔

پیپلزپارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں وفاقی وزیر داخلہ کے لئے تعریف و توصیف کے ڈونگرے برساتے رہے یہ بات قابل ذکر ہے چوہدری نثار علی خان نے چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی حیثیت سے کئی رپورٹیں ایوان میں پیش کیں سو انہوں نے جمعرات کو اسی روایت کو قائم رکھا ،چوہدری نثار علی خان خوش قسمت وزیر ہیں جو خود تو اپنے سیاسی مخالفین سے دو دو ہاتھ کرنے سے نہیں چوکتے لیکن جب ان کی ذات کی بات آتی ہے بڑے بڑے جغادری لیڈر ان کے سامنے پانی بھرنے لگتے ہیں پارلیمانی حلقوں میں ان کی عزت و توقیر ان کے کام کی وجہ سے ہے ۔

آفتاب احمد خان شیر پاؤ جو خود اس منصب پر 5سال تک فائز رہے بیشتر ارکان ایوان میں نیشنل ایکشن پلان کو ہی زیر بحث لاتے رہے وہ وفاقی وزارت داخلہ کی کار کردگی میں نقائص نہ نکال سکے،کم و بیش چار گھنٹے کی بحث میں وفاقی وزارت داخلہ کی کار کردگی کی رپورٹ کی تعریف و توصیف پر وزراء اور حکومتی ارکان چوہدری نثار علی خان کو مبارک بادیں دیتے رہے ، نوید قمر، شیریں مزاری، عبدالوسیم، آفتاب خان شیرپاؤ، صاحبزادہ طارق اللہ اور مولانا محمد خان شیرانی کی تقاریر کا محور چوہدری نثار علی خان رہے ۔

چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے طویل اجلاس کے خاتمے تک ایوان میں موجود رہے اور بحث میں حصہ لینے وا لے ارکان کے نوٹس لے کر ان کو باور کرایا کہ وہ انکی تقاویز کو بڑی توجہ سے سن رہے ہیں۔ نماز ظہر کے بعد اجلاس کا دوبارہ اجلاس ہوا تو ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان تعداد کم رہ گئی لیکن کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی پی ٹی آئی کے صرف انجینئر علی محمد خان ایوان میں موجود رہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ وزیر مملکت داخلہ بلیغ الرحمن ‘ پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب آخر وقت تک ایوان میں موجود رہے۔ گیلری میں وزارت داخلہ کے سیکرٹری شاہد خان سمیت دیگر سٹاف بھی موجود رہا۔ جمعرات کوبلاول بھٹو زرداری کی آمد سے پارلیمنٹ میں خاصی دیر تک ہلچل مچی رہی، انہوں نے جہاں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کی وہاں انہوں نے قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزا احسن کی طرف سے دی گئی چائے کی دعوت میں بھی شرکت کی ،ان کی پارلیمنٹ میں آمد بلاوجہ نہیں ۔

در اصل انہوں نے واضح طور پیغام دیا ہے وہ جلد اپنی پارلیمانی زندگی کا آغاز کرنے والے ہیں وہ پیپلز پارٹی تن مردہ میں جان ڈالنے کے لئے میدان عمل میں اتر آئے ہیں، پارلیمنٹ کی غلام گردشوں میں بلاول بھٹو زرداری کی آمد موضوع گفتگو بنی رہی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Ch Nisar Ne Khud Ko Ehtisab K Liay Parliment K Samnay Paish Kar Dia is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 18 December 2015 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.