جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت سے ن لیگ پریشان!

یوم ختم نبوت پر ریلیاں، مظاہرے․․․․․․ لاہور میں لکشمی اور ملتان میں ایس پی چوک کا نام غازی علم دین شہید رکھنے کا مطالبہ

بدھ 15 نومبر 2017

janobi Punjab me Tehrrik Inssaf  ki Barhti maqboliyat
اظہر سلیم مجوکہ:
ملکی سیاست میں اتار چڑھاؤ اور بدلتی صورتحال کا اثر جنوبی پنجاب اور دیگر اضلاع میں بھی ہورہا ہے ۔ تحریک انصاف نے بہاولپور کے نزدیک احمدپور شرقیہ اور ملتان سے نزدیک ضلع خانیوال میں اپنے بھر پور جلسوں سے جنوبی پنجاب میں اپنی سیاست کا آغاز کردیا ہے۔ خانیوال میں ہراج گروپ کے تحریک انصاف میں شامل ہونے سے اس ضلع میں تحریک کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے جبکہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں پی پی کی پوزیشن مضبوط دکھائی دیتی ہے۔

خانیوال اور کبیر والہ میں مخدوم سید فخر امام بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیتے ہیں تو جنوبی پنجاب کی سیاست میں خاصی ہلچل مچتی دکھائی دے گی۔ ضلع مظفر گڑھ بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے لیکن یہاں سے پنجاب کے سابق گورنر وزیراعلی اور بھٹو کے خاص ساتھی غلام مصطفےٰ کھر بھی تحریک انصاف میں شامل ہوکر اب اپنا فعال کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع ڈیرہ غازی خان میں سابق گورنر سردار ذوالفقار کھوسہ کی پی پی میں شمولیت کی خبریں سامنے آرہی ہیں، تاہم بعض سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں اپنے ادوار میں علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرانے کی وجہ سے کھوسہ گروپ کی پوزیشن اتنی زیادہ مستحکم نہیں ہے جبکہ سردار فاروق لغاری کے فرزند اویس لغاری کو حکومت میں وزارت ملنے کی وجہ سے بھی یہ گروپ ناراض نظر آتا ہے، یہاں سے مسلم لیگ (ن) کے عبدالکریم خان کو بھی وزارت دی گئی ہے، تاہم ضلع ڈیرہ غازی خان میں تحریک انصاف کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے ابھی مزید محنت درکار ہے اور اس ضلع میں مسلم لیگ (ن)کا مقابلہ کرنے کے لئے تحریک انصاف کو مربوط حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔

تحریک انصاف کے کوٹ ادو میں ہونے والے جلسے میں عمران خان، جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی اور غلام مصطفےٰ کھرنے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرم کسی پارٹی کا سربراہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا جبکہ اسحاق ڈار سب سے بڑا منی لانڈر ہے۔ تحریک انصاف کے قائدین نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کرے گی اور کرپٹ ٹولے کا احتساب کیا جائے گا ۔

حکومت کی طرف سے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے دعوے تو بہت کئے جارہے ہیں لیکن جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ابھی تک نہ تو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں نہ ہی عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کیاگیا ہے۔ 64 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہے اور اس بات کا اعتراف قومی اسمبلی میں خود حکومت نے بھی کیا ہے پانی کے 69 سے 85 فیصد نمونے آلودہ ہیں۔

جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سموگ کی وجہ سے فضا خاصی زہریلی بنی ہوئی ہے۔ مختلف بیماریوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی غفلت سے حفاظتی اقدامات بھی ندارد ہیں۔ کارخانے پانی اورفضائی آلودگی کے ساتھ سموگ کا بھی باعث بن رہے ہیں، متعلقہ اداروں نے رشوت لے کر فیکٹری مالکان کو زہریلے مواد کی ٹریٹمنٹ نہ کرنے کی سہولت دے رکھی ہے جس سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کا کہنا ہے کہ متعدد کارخانوں کے خلاف ایف آر درج کرکے جلد کاروائی شروع کی جائے گی، دوسری طرف یہ بھی پتہ چلا ہے کہ مختلف شہروں میں دھان کے کھیتوں میں آگ لگانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سموگ میں اضافہ ہورہا ہے حالانکہ محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پابندی ہے اور اس کے باوجود قانون شکنی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

دینی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے ملک بھر میں یومِ ختم نبوت کے موقع پر مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مقررین کا کہنا ہے کہ آئین میں ترمیم کی سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کرکے سخت سزادی جائے۔ مظاہروں میں عوام کی کثیر تعداد اور وکلاء کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اور تحفظ ختم نبوت ﷺ کے لئے ہرقسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

بہاؤ الدین زکریا ملتان میں خطبات صادر تصوف کی افتتاحی تقریب سے خطابکرتے ہوئے ریسرچ سکالر ڈاکٹر یاسین مظہر نے کہا ہے کہ تمام صوفیاء کرام کے نزدیک اصل پیروی شریعت اسلامی میں ہے۔ امت مسلمہ اگر اللہ تعالیٰ کی رسی کی مضبوطی سے تھام لے تو اس کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے خانیوال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اپنا مینڈیٹ کھوچکی ہے اور شاہد خاقان عباسی وزیراعظم نہیں بلکہ ریلو کٹا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی پارلیمنٹ سے اپنی مرضی کی قانون سازی کرانا چاہتی ہے جبکہ اگر کوئی این آر او شریف فیملی کے مفاد میں آیا تو تحریک انصاف مزاحمت کرے گی۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ ایک ماہ میں آئندہ انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کی فہرست بھی جاری کریں گے۔ تحریک تحفظ ناموس رسالت کے رہنما غازی علم الدین شہید کے یوم شہادت کے موقع پر منعقد ہوانے والے سیمینار میں علامہ عبدالحق مجاہد ، خالد محمود ، ایوب مغل، ڈاکٹر اکمل مدمی، وسیم ممتاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غازی علم دین شہید کے کارنامے ہر امت مسلمہ کو فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں لکشمی اور ملتان میں ایس پی چوک کانام غازی علم دین شہید رکھا جائے ۔ مسلم لیگ (ن)کے رہنمادیوان عاشق بخاری اور ایم پی اے مہدی عباس لنگاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف احتساب سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور وہ واپس آکر عدالتوں کاسامنا کریں گے۔ میر ملتان چودھری نوید الحق آرائیں نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کی یاد میں چہلم کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ماتمی جلوس روٹس پر بہترین انتظامات کئے جائے گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنے دورہ مظفر گڑھ کے دوران مظفر گڑھ ڈیرہ غازی خان میں روڈ بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے اور تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ مظفر گڑھ سے ہیڈ پنجندتک موٹروے کی تعمیر کے لئے بھی وزیراعلیٰ کو سمری ارسال کردی گئی ہے۔ اس پراجیکٹ کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے جبکہ 10 فٹ سروس روڈ اور دیہات میں10 فٹ گرین بیلٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے وزیراعظم سے ملاقات میں جنوبی پنجاب کے متعدد ممن صوبوں کے حوالے سے سفارشات پیش کی ہیں۔ گورنر رفیق رجوانہ کی طرف سے ملتان میں”NUST “یونیورسٹی کیمپس اور نئے کیڈٹ کالج کے قیام کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیرت کانفرنس بعنوان اسوہ حسنہ اور سماجی عدل سے مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی وبین الاقوامی سطح پر اضطراب کا سبب سماجی ناانصافی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے عدل کو بنیاد چیز قرار دیا ہے اور اسلام نے عدل کا تصور دیا ہے مساوات کا نہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں طبقاتی تقسیم ختم ہونے چاہیے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

janobi Punjab me Tehrrik Inssaf ki Barhti maqboliyat is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 15 November 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.