جنوبی پنجاب میں ہوشربا مہنگائی ، عوام بلبلا اٹھے!

پرائس کنٹرول کمیٹیاں خزانے پر بوجھ بن گئیں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون ، 34 ہزار سے زائد پکڑے گئے،17 کروڑ کی وصولی

منگل 10 اکتوبر 2017

Jnobi Punjab me Ho sharba Mehngaii
اظہر سلیم مجوکہ:
جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں ماہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے ضلع حکومت اور پولس حکام کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ مذہبی ہم اہنگی اور رواداری کو برقرار رکھنے کے لئے بھی مختلف مکاتب فکرکے علمائے کرام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔

ضلع ملتان میں اُستاد اور شاگرد کے روایتی تعزیوں کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر مجالس اور جلوس کا انعقاد بھی کیا گیا ہے ۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کے فلیگ مارچ کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ 2400 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ادھر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی سے سیاسی طور پر بھی ہلچل مچی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی نامزدگی پر پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ جہانگیر ترین شاہ محمود قریشی کی بجائے عمران خان کو قائد حزب اختلاف بنانے کے حق میں ہیں، دوسری طرف سینٹ میں ایک ووٹ سے نواز شریف کے پارٹی کے صدر بنانے کے ترمیمی بل پر بھی سنجیدہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا سلسلہ جاری ہے اور تحریک انصاف کے سات سینٹروں کے ووٹ نہ ڈالنے اور بائیکاٹ کرنے پر بھی سخت تنقید کی جارہی ہے۔

ان عوامی اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسی اور اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ طرزعمل سے تحریک انصاف کا ووٹ بنک بھی متاثر ہو سکتا ہے لہٰذا پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اس حوالے سے ضرور کرئی کاراوئی کرنا چاہیے۔ ایک طرف سیاستدان اور اراکین اسمبلی اپنے مفادات کے لئے اتفاق رائے کا مظاہرہ کرتے ہیں تو دوسری طرف عوامی مسائل پر چشم پوشی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔

بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے اور شنید ہے کہ یہ اضافہ 2015ء سے ہوگا جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔ عوام پہلے ہی ہوشربا مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بلبلائے نظر آتے ہیں، دوسری طرف سبزیاں بھی مہنگی ہوگئی ہیں اور ضلعی حکومتوں کی طرف سے بنائی گئیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں ٹھس ہو کررہ گئی ہیں اور ذخیرہ اندوزی کرنے اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی بھی عمل میں نہیں لائی جارہی۔

محرم الحرام کے دوران شہر میں صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے ڈائریکٹر واسا کی طرف سے ہنگامی پلان کا اعلان کیا گیا ہے جس مین ملازمین کی چھٹی بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ جلوس روٹس پر فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ محکمے کے افسران کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی نے بھی مختلف علاقوں کے دورے کے دوران عملے کو مستعد رہنے کی ہدایات دی ہیں جبکہ سڑکوں کی مرمت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن)میں اختلافات کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری نثار کے میاں برادران کے ساتھ اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور اب ان میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ شیخ اطہر ممتاز کے مطابق نواز شریف عوام کے دلوں پر حکمرانی کررہے ہیں۔ پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اداروں کے خلاف سازشیں قوم ناکام بنا دے گی۔

مخدوم احمد محمود کے مطابق نواز شریف وزارت عظمیٰ حاصل کرنے کے لئے غیر جمہوری ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پی پی اپنی ساکھ بحال کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی اورآنے والے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ملتان میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میپکو کی چیکنگ ٹیموں کے چھاپے بھی ڈالے جارہے ہیں رواں ماں 34 ہزار سے زائد بجلی چوڑ پکڑے گئے ہیں جن سے مجموعی بور پر 17 کروڑ سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔

میپکو حکام کے مطابق اب بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ محکمے کے اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔ میپکو ریکوری ٹیموں پر تشدد اور ہراساں کرنے کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں بااثر نادہندگان ملازمین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور حبس بے جا میں بھی رکھتے ہین لیکن نہ تو میپکو حکام کی طرف سے کوئی کاروائی کی جارہی ہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے کوئی تعاون کررہی ہے ۔

ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر ملتان میں واک کے ساتھ ساتھ آگاہی لٹریچر تقسیم کیا گیا ہے جبکہ کارڈیالوجی سنٹر میں مفت چیک اپ بھی کیا جارہا ہے ماہر امراض قلب ڈاکٹر ابوبکر سعد کے مطابق امراض قلب سے دنیا کی نصف اموات جنوبی ایشیا میں ہوتی ہیں لہٰذا ورلڈہارٹ ڈے منانے کا مقصد عوام کو دل کے امراض سے متعلق آگاہی دینا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ واک کے باقاعدہ استعمال اور روغنی غذاؤن سے پرہیز کے ذریعے بھی امراض قلب سے بچا جا سکتا ہے۔

بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں انتظامی اور تدریسی معلامات ابھی تک الجھے ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے معطل چیئرمین شعبہ آئی آر سے دفتر جبراخالی کرانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں اس سے قبل رجسٹرار اورفاصلاتی شعبہ کے ڈائریکٹر کی طرف سے بھی یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ محاذ آرائی کے واقعات سامنے آچکے ہیں ۔ جنوبی پنجاب کی اس اہم تعلیمی درسگاہ کے حالات بہتر بنانے کے لئے جنوبی پنجاب کے عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

ایوان صنعت وتجارت ملتان کے نئے انتخابات میں اسرار اعوان اور دیگر عہدیدران بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ ریلوے ملتان ڈویژن میں سگنل سسٹم سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے محکمے کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔ ریلوے اہلکاروں اور عوامی حلقوں کی طرف سے فوری توجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ پنجاب میں 7763 پولیس کانسٹیبل بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملتان میں 418 اہلکار بھرتی کئے جائیں گے جبکہ بہاول پور سے 128 افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف لیبر یونین لیڈر کی درخواست خارج کردی ہے۔ چولستان میں 26 ہزار ایکڑ پر شاداب لائیو سٹاک فارمنصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے جس سے چولستان کے حالات بہتر کرنے میں مدد مل سکے گی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Jnobi Punjab me Ho sharba Mehngaii is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 October 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.