کشمیر پر بھارتی تسلط کے 70 سال اور عالمی برادری کی بے حسی

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنے کا خدشہ․․․․․ کشمیری اپنی آزادی کے ساتھ پاکستان کی بقاء سالمیت کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔

جمعہ 10 نومبر 2017

Kashmir pr Bharti taslut K 70 Saal
نسیم الحق زاہدی:
کشمیر پر بھارتی تسلط کو 70 سال ہوگئے ہیں لیکن افسوس اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتیں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں ناکام رہیں حالانکہ بھارت نے کشمیریوں کو آزادی دینے کا وعدہ کیا مگر آج بھی اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے بلکہ اپنی فوج کو مظلوم و نہتے لوگوں پر ظلم ڈھانے کی کھلی چھٹی دیدی گئی ہے ہر سال 27 اکتوبر کو اقوام کو کشمیر پر بھارتی قبضے اور سلامتی کونسل میں منظور کی گئی حق خودارادیت کی منظور کردہ قرار داد کی یادہانی کروائی جاتی ہے کہ جس پر عملدرآمد کروانے میں عالمی ادارہ ناکام رہا۔

رواں سال بھی یو م سیاہ پر وادی میں پڑتال ،احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ کٹھ پتلی ریاستی حکومت کی طرف سے مظاہرے روکنے پر پابندیاں بھی عائد کی گئیں مگر جوش وجذبے سے لبریز کشمیری تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے دنیا کو یہ باور کرواتے رہے کہ ابھی تک ان کے ساتھ انصاف ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

وہ ون تب آئے گا جب سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد پر عمل درآمد کروایا جائے اورانہیں ان کا حق ملے گا یا پھر جان بوجھ کر مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔

اندونیشیا میں راتوں رات مشرقی تہوار کو آزاد ی مل سکتی ہے کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزادی جارہی ہے اور برہمن استعماریت کو عالمی سرپرستی حاصل ہے۔ ریاست کو کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو نظر بند رکھا۔ واضح رہے کہ 1947 ء میں تقسیم برصغیر کے وقت کشمیری عوام نے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے باعث پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن بھارت نے بزور شمشیر کشمیر پر ناجائز قبضہ جمالیا تھا۔

27 اکتوبر 1947 ء کو بھارتی فوج نے وادی پر چڑھائی کردی تھی اور بڑے پیمانے پر کشمیریوں کا خون بہایا گیا۔ پاکستان سرحدی قبائلیوں نے بھارتی قبضے کے خلاف اعلان جنگ کردیا اور نہتے کشمیریوں کی مدد کے لئے بڑی تعداد میں ہتھیار اٹھا کر کشمیر میں داخل ہوگئے۔ بہادر قبائلیوں نے شدید جنگ کے بعد ایک وسیع علاقے سے بھارتی فوج کو ماربھگایا جو آج آزاد کشمیر کے نام سے جانا جاتا ہے ۔

یوم سیاہ پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی ثابت قدم اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے قانونی حق کے حصول تک یہ حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو آزادی کے لئے نیرآزما ہیں۔ 70 سال سے بھارت کا غاصبانہ قبضہ بدستور برقرار ہے اور اس عرصے میں وہ کون سا ظلم نہیں ہوگا جو کشمیریوں پر ڈھایا نہ گیا ہو۔

اب تک لاکھوں کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں ہزاروں بے نام قبریں بھارتی بربریت وسفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں پندرہ سو سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گئی ۔ 1993 ء میں قصبہ کنن پورہ کا انسانیت سوز واقعہ آج بھی دلوں کو ہلا کر رکھ دیتا ہے جب رات کے اندھیرے میں بھارتی درندہ صفت فوج نے گاؤں پر حملہ آور ہوتے ہوئے سو سے زائد خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں بے آبرو کردیا آج تک خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث بھارتی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سزا نہ مل سکی۔

طالبات کی سرعام تذلیل کی جاتی ہے ۔ حالیہ دنوں میں خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔ کشمیریوں کے مطابق اس ہولناک واقعے میں بھارت فوجی ملوث ہیں جو راہ چلتی خواتین کے بال تراشتے ہیں اور انہیں زخمی کررہے ہیں۔ نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مروایاجارہا ہے اب پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیار سے انہیں اندھا اور عمر بھر کے لئے معذور بنایا جارہا ہے ۔

ایک اندازے کے مطابق ایک ہزار سے زائد نوجوان پیلٹ گن کا نشانہ بن چکے ہیں اور اپنی بینائی کھو بیٹھے ہیں، ہسپتال مہلک ہتھیار سے متاثرہ بچوں ، جوانوں اور خواتین سے بھرے ہوئے ہیں۔ ان میں سے متعدد ہمیشہ کے لئے اندھے ہوچکے ہیں مگر ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کی جانب سے کوئی ڈاکٹروں پر مشتمل طبی ٹیم بھیجی گئی ہے بلکہ اس مسئلہ پر اقوام متحدہ عالمی برادری مسلسل خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

یہ مسئلہ اس قدر حساس اور نازک ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے اگر ایٹمی جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے تو نہ کوئی فاتح رہے اور نہ کوئی مفتوح ہر طرف بربادی وتباہی کے مناظر ہونگے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مئوثر کردار ادا کرے وگرنہ جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگارہے گا۔ دوسری جانب بھارت اسلحے کے انبار لگاتا رہے گا گزشتہ چند سالوں کے دوران ہندوستان نے اسرائیل، امریکہ اور روس سے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدنے کے معاہدے کئے ہیں وقت کے ساتھ ساتھ اس کا جنگی جنون بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے برصغیر میں طاقت کے توازن بگڑنے کا خدشہ ہے۔

دراصل امریکہ ہلا شیری پر بھارت خطے کا تھانیدار بننے کا خواب دیکھ رہا ہے ۔ افغانستان میں بھارتی بڑھتے ہوئے قدم ، ایران کے ساتھ چاہ بہار بندرگاہ کی تعمیر کا معاہدہ اسی سلسلے کی مذموم کڑی ہے ۔ پاکستان میں ”را“ کی بڑھتی ہوئی ریشہ دوانیاں ، قبائلی علاقوں میں افغانیوں کے بھیس میں بھارت دہشت گردوں کی کاروائیوں سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ بھارت مسلسل پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔

مگر ہماری بہادر پاک افواج کے یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز نے ان دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ درحقیقت مقبوضہ کشمیر میں اسلام اور آزادی کی علمبردار قوتیں اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بقاوسالمیت اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہی ہیں۔ مجاہدین پاکستان کی شہ رگ کو چھڑانے کیلئے اپنی جان ومال عزت و آبرو قربان کررہے ہیں۔ سخت کرفیو کے باوجود کشمیری ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Kashmir pr Bharti taslut K 70 Saal is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 November 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.