نیت کا پھل

امریکہ میں سعودی عرب کا ویزہ ملنا معجزے سے کم نہ تھا

ہفتہ 17 دسمبر 2016

Niyyat Ka Phal
بلقیس ریاض :
امریکہ سے واپسی پر عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی ۔ خانہ کعبہ کا جاہ وجلال اور چاروں طرف نور کی بارش لوگوں کا ہجوم اور دنیا کے ہرکونے سے آئے ہوئے افراد اپنی اپنی بولیوں میں خدا کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگ رہے تھے ۔ کعبہ کے قریب بیٹھ کر میں بھی اس نور سے لطف اندوز ہو رہی تھی ۔ خوشبو بھری ہوا کے جھونکے مجھے چھور ہے تھے ․․․․ کعبہ کے چاروں طرف لوگ عبادت میں مشغول تھے اور عمرہ کی غرض سے لوگوں کا طواف جاری تھا․․․․․ دنیا مافیا سے بے خبر خدا کے حضور دعائیں مانگتے ہوئے اپنے سات چکر پورے کر رہے تھے ․․․․․ میں آسمان کی جانب دیکھا تو دن کااُجالا شروع ہوچکا تھا․․․․․ بادل چھتری بنے عین کعبہ کے اوپر اپنا بسیراکئے ہوئے تھے․․․․․ کئی لوگ سات چکر پورے کرنے کے بعد مقام ابراہیم کیے سامنے نفل اداکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

کسی کوکسی کی ہوش نہیں تھی ۔
دور دراز سے آئے مسلمان اللہ کے بلانے پر آئے تھے ․․․․․ شاید ان میں اس ناچیز کا بھی بلاوہ تھا۔
امریکہ میں سعودی عرب کا ویزاملنا کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔ میں نے امریکہ جاتے ہوئے نیت کی تھی کہ واپسی پر عمرہ کرتی ہوئی پاکستان آؤنگی․․․․․ مگر جب واشنگٹن گئی تو پتہ چلا کہ یہاں سے ویزا ملنا ناممکن ہے۔

صرف مقامی لوگوں کو ویزا لگا کر دیتے ہیں۔ یہ سن کر انتہائی دکھ ہوا کہ میں اب عمرہ نہیں کرسکوں گی ڈیلاویئر سے واشنگٹن خاص ویزا کی غرض سے گئی تھی میاں بھی میرے ہمراہ تھے ۔ ویزے نہ مل سکنے سے میں سخت مایوس تھی ۔ میں نے اللہ سے دعا کی کہ یااللہ کوئی سبب بنا دے ۔ واپس ڈیلاویئرواشنگٹن جانے سے پہلے میں اپنی عزیز بہن ناہید کے گھرگئی ۔ سارا قصہ انھیں بتایا اور اپنی خواہش کااظہار کیاتوان کے شوہر جھٹ سے گویا ہوئے ۔


بھابی فکر کی کوئی بات نہیں ہے میرا دوست کونسلر جنرل ہے کسی زمانے میں و ہ میرا جونیئررہ چکا ہے ۔ اگر تو آپ سچی نیت لیکر آئی ہیں توآپکو ویزاضرور مل جائے گالیکن ایک شرط ہے ۔
وہ کیا ؟ میں نے بجھے سے انداز سے پوچھا کیونکہ مجھے اندیشہ تھا کہ ویزا ملنا مشکل ہے ۔ ایک بار سعودی لوگ انکار کردیں تو کبھی بھی اقرار نہیں کرتے ۔
آپ لوگ آج رات ہمارے یہاں رہیے ․․․․ تاکہ صبح 10,9 بجے سعودی سفارت خانہ جاسکیں ۔

وہ تو اس صورت رہ سکتی ہوں کہ کوئی اُمید نظر آئی تو․․․․ “
آپ فکر نہ کریں۔ ناہید کے میاں اصغر صاحب نے جھٹ سے فون اٹھایا اور اپنے دوست سے پوچھا ․․․․ اس نے جواب دیا ” ٹھیک ہے صبح دس بجے ان کو بھیج دوکیونکہ میں نے چار دنوں کی چھٹی لے رکھی ہے ․․․․․اگر وقت پر پہنچ گئے تو انشااللہ ان کو ویزا دے دیاجائے گا․․․․ اصغر صاحب نے خوشی خوشی مجھے بتایا ․․․․․ چنانچہ رات کو ہم نے ان کے گھر ہی قیام کیااور صبح دس بجے جب پہنچے تو انہوں نے ہمارے پاسپورٹ دیکھے اور کہا کہ اگر عام سپورٹ ہوتے ویزا ایک منٹ میں لگادیتے ․․․․․ چونکہ یہ پاسپورٹ سرکاری ہیں اس لئے پاکستانی سفارت خانہ سے ایک اجازت نامے کالیٹرلانا ہوگا۔

سعودی سفارت خانہ سے نکل کر ہم نے اپنی ٹیکسی پکڑی اور بھاگم بھاگ پاکستانی سفارت خانہ پہنچے۔ وہاں کے کونسلر جنرل نے اجازت نامہ کاخط دے دیابلکہ حیرانگی کااظہار بھی کیا کہ سعودی سفارت خانہ نے ویزے کی حامی کیسے بھرلی ہے ۔ خط ملتے ہی دوبارہ سعودی سفارت خانہ پہنچے تو وہ کونسلر صاحب ہمارے انتظار میں تین بجے تک سفارت خانہ میں موجود تھے ․․․․․ خط کو دیکھ کر فوراََ ویزے پر مہرلگادی۔

خانہ کعبہ پہنچ کر میں خدا کے حضور میں سجدہ ریز تھی ․․․․․ اور سوچ رہی تھی کہ ان لاکھوں لوگوں کو اللہ کی طرف دعوت نامہ ملاتھا اور ان میں ‘ میں بھی شامل تھی ۔ دل سے نکلی دعا قبول ہوئی تھی ․․․․ خوشبو سے بھرا جھونکا میرے دل اور دماغ میں اترتاچلاگیا۔ میں چونک اٹھی اور اس کے بعد شکرانے کے نفل پڑھنے لگی تھی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Niyyat Ka Phal is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 17 December 2016 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.