وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے فیصل آباد کیلئے 11 ارب روپے کے میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان،کوئی بھی کام اندھیرے میں رکھ کر نہیں کر رہے بلکہ حکومت پنجاب فنڈز مہیا کر رہی ہے اورعوام کے نمائندے انہیں فلاحی کاموں پر خرچ کر رہے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی کا 15 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے گارمنٹس کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2006 21:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء) وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں کیلئے 11 ارب روپے کے میگا پیکج کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ لاہور کی طرز پر 1122 ایمبولینس اسی سال کام شروع کر دیں گی، فیصل آباد میں رنگ روڈ کا منصوبہ، سیوریج تبدیلی، ملت روڈ، سرگودھا روڈ سڑکوں کی کشادگی اسی پیکج کے تحت ہوگی، کوئی بھی کام اندھیرے میں نہیں ہو رہے بلکہ حکومت پنجاب تمام فنڈز دے رہی ہے عوامی نمائندے انہیں فلاحی کاموں پر خرچ کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بدھ کو یہاں 15 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گارمنٹس کی افتتاحی تقریب اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آل پاکستان کلاتھ ایکسپورٹ ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے اور فیصل آباد کے تاجروں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردارادا کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ ا نڈسٹری کی نئی بلڈنگ کیلئے ایک کروڑ روپے اورفیصل آباد ایکسپو سنٹر کیلئے موٹر وے انٹرچینج کمال پور کے نزدیک ایک ایکڑ اراضی دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجروں نے زلزلہ سے متاثرہ افراد کے 20 کروڑ روپے کا سامان روانہ کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ میں آج فیصل آباد کیلئے 11 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں اس گرانٹ سے فیصل آباد میں رنگ روڈ، سرگودھا روڈ اورملت رڈ کو کشادہ کیا جائے گا 1122 ایمبولینس سرس شروع کی جائے گی اس گرانٹ سے پورے فیصل آباد کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام کیلئے الحمرا کی طرز پر آج استاد نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم کا افتتاح کر دیا ہے اور اسی طرح ہاکی سٹیڈیم میں بھی ایک جم بنایا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے فیڈمک میں ایشیاء کے سب سے بڑے گارمنٹس سٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا پروجیکٹ ہے جس کو آج شروع کیا جا رہا ہے اس پروجیکٹ پر 15 ارب روپے خرچ ہوں گے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں تقریباً 10 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اوراس منصوبے میں مزدوروں کیلئے رہائشی کالونیاں، ان کے بچوں کیلئے ہسپتال، سکول اور تفریحی پارک بھی ہوں گے اس میں ٹیکنیکل کالج بھی تعمیر کیا جائے گا یہاں سے پڑھ کر فارغ ہونے والوں کو اسی شہر میں فوری طور پر نوکریاں مہیا کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ ہمکوئی بھی کام اندھیرے میں رکھ کر نہیں کر رہے ہیں بلکہ فنڈز حکومت پنجاب دے رہی ہے اور عوام کے اپنے نمائندے یہ فنڈز عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ فیصل آباد کو نظر انداز کیا گیا اب ایسا نہیں ہوگا اس موقع پر وفاقی وزیر قانون وصی ظفر، وفاقی وزیر ٹیکسٹائل مشتاق چیمہ، ضلعی ناظم کے علاوہ ایم این ایز اورایم پی ایز بھی موجود تھے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کے منشور میں یہ بات ہے کہ پورے پنجاب کے تمام اہم شہروں کو ایک دوسرے سے موٹر وے کے ذریعے ملایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہم سیالکوٹ سے لاہور تک موٹر وے کو شروع کر رہے ہیں اس کیلئے فنڈز مقرر کر دیئے گئے ہیں اس موٹر وے پر پنجاب حکومت دو یونیورسٹیاں بھی بنائے گی اور اس موٹر وے روڈ پر انڈسٹری لگے گی جس سے اس علاقے میں بھی خوشحالی آئے گی اوراس علاقے کے عوام کو روزگار ملے گا جس سے بیروزگاری میں کمی ہوگی اور عوام خوشحال ہوگی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں