کراچی میں قتل عام کی ذمہ داری الطاف حسین، گورنر اور حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے۔ لیاقت بلوچ

ہفتہ 26 مئی 2007 18:40

فیصل آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار26 مئی2007) متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم دہشتگرد جماعت ہے اور یہ سیاست کے نام پر دھبہ ہے، کراچی میں خون خرابے کے ذمہ دار الطاف حسین، گورنر سندھ اور سندھ حکومت سمیت جنرل مشرف ہیں اگر موجودہ اسمبلی سے صدارتی ووٹ لیا گیا تو پھر ہم سول نافرمانی بھی کریں گے اور پھر وردی کو کھال سمیت اتاریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم ایک دہشتگرد تنظیم ہے جس کا چہرہ 12 مئی کو کھل کر سب کے سامنے آ گیا اس تمام قتل و غارت کے ذمہ دار جنرل مشرف، گورنر سندھ، سندھ حکومت اور الطاف حسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سیاست کے نام پر ایک دھبہ ہے جنرل مشرف صرف اقتدار کی خاطر اس جماعت کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں جنرل مشرف ناکام ترین اور غیر مقبول ترین صدر ہیں جس کی وجہ سے پاکستان سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے جنرل مشرف نے تمام اداروں جس میں پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور سینٹ جیسے اہم ادارے شامل ہیں میں اپنی مرضی کرتے ہیں وہ معاہدہ توڑ حکمران ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ وردی میری کھال ہے اب ان کی کھال کو وردی سمیت اتارنے سے کوئی نہیں اتار سکتا ان کا یہ اعلان عوام اور فوج کو آپس میں لڑانے کے مترادف ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں