بے نظیر کی طرح نواز شریف کے ساتھ بھی معاملات ہو سکتے ہیں، مسلم لیگ متحد ہے کوئی اختلافات نہیں ، چوہدری شجاعت حسین

اتوار 5 اگست 2007 20:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بے نظیر کی طرح نواز شریف کے ساتھ بھی معاملات ہو سکتے ہیں۔ مسلم لیگ متحد ہے اور کسی قسم کے اختلافات موجود نہیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں سٹی ڈسٹرکٹ نائب ناظم میاں امجدیٰسین سے ان کی اہلیہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مسز رفعت امجد یٰسین کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو سے کسی قسم کی ڈیل نہیں کی گئی بلکہ ڈھیل دی گئی ہے اور نواز شریف کو بھی ضرورت کے وقت یہ ڈھیل دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظفراللہ جمالی اب مسلم لیگ میں نہیں رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے جبکہ بی اے کی شرط ختم ہونے کی باتیں ضرور ہو رہی ہیں لیکن ایسی کوئی تجویز کابینہ کے زیر غور نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے پٹڑی سے اترنے کے بارے میں شیخ رشید کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مشتاق علی چیمہ، ناظم میاں ہارون یٰسین، فیصل رشید، میاں عارف ظہور آف ظہور گروپ، وزیر مملکت مسز شہناز اور ایم این اے میاں عاصم نذیر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین نے میاں امجد یٰسین کی والدہ سابق ایم پی اے طاہرہ یاسمین اور مرحومہ رفعت امجد کے بچوں سے بھی ملاقات کی اور مرحومہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ چوہدری شجاعت حسین خصوصی طیارے سے فیصل آباد آئے تھے اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں