نواز شریف کے استقبال کو روکنے کیلئے اہم رہنماؤں کی گرفتاری کا فیصلہ ،ضلعی پولیس افسران کوخصوصی ٹاسک دیدیاگیا

جمعہ 31 اگست 2007 16:46

فیصل آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31 اگست 2007) میاں نواز شریف کے متوقع استقبال کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے ضلعی پولیس افسران کو اہم رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹاسک دیدیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے حساس اداروں اور پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ میاں نواز شریف کی متوقع آمد کے سلسلہ میں اور ان کے استقبال کو مکمل ناکام بنانے کے لئے اہم لیگی رہنماؤں کو گرفتار کر کے نظربند کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

حساس اداروں سے ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد سے گرفتار ہونے والے لیگی رہنماؤں کو ساہیوال جیل میں رکھا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد میں تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بھی ہدایات کر دی گئی ہیں کہ میاں نواو شریف کے استقبال کے لئے گاڑیاں بک نہ کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق 19 ستمبر کو اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کی جائے گی اور استقبال کے لئے جانے والی گاڑیوں کو موٹروے یا جی ٹی روڈ پر نہیں جانے دیا جائے گا اس حوالے سے ضلعی پولیس افسر نے تمام ریزرو فورس کو پولیس لائن حاضر کر کے اہم ہدایات جاری کرنا شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں