چوہدری برادران جنرل پرویز مشرف اور چیف جسٹس کو ٹکرا کر تماشا دیکھنا چاہتے ہیں، لیاقت بلوچ،کراچی کو ایم کیو ایم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،صدر جنرل پرویز مشرف ایم کیو ایم سے بلیک میل ہو رہے ہیں، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 14 ستمبر 2007 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی کو ایم کیو ایم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ صدر جنرل پرویز مشرف ایم کیو ایم سے بلیک میل ہو رہے ہیں۔ کراچی میں حالات جان بوجھ کر خراب کئے جا رہے ہیں۔ کمانڈز میس میں خودکش حملہ آور کا گھس جانا لمحہ فکریہ ہے۔ جنرل پرویز مشرف کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔

چوہدری برادران نے پاکستان سے بھاگنے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں حالات جان بوجھ کر خراب کئے جا رہے ہیں ، جنرل مشرف ایم کیو ایم سے بلیک میل ہو رہے ہیں، الطاف حسین نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف بیان دیکر پوری قوم کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کا دعویٰ کہ پورے پاکستان کی جان الطاف حسین کے ہاتھ میں ہے۔

بھارت نوازی کا ثبوت ہے اور موجودہ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ کراچی کو ایم کیو ایم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا آرمی بیس کے اندر خودکش حملہ آور 20 کمانڈوز کا جاں بحق ہونا حکومت اور ایجنسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کمانڈوز کے میس میں خودکش بمبار کا گھس بھی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف ملک میں مارشل لاء کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلی پاکستان میں انقلاب کی وجہ بن سکتی ہے۔ جنرل مشرف کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ مقابلے میں ا میدوار لانے کے لئے سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ میاں نواز شریف کوزبردستی اغواء کر کے جدہ روانہ کیا گیا۔ اس سارے کھیل کے ماسٹر مانئنڈ جنرل مشرف تھے۔ بے نظیر ایک معاہدے کے تحت پاکستان آ رہی ہے سرکاری لوگ استقبال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کا مستقبل مخدوش نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے بھی پاکستان سے بھاگنے کے لئے اپنے کاغذات مکمل کر لئے ہیں۔ اچانک معاہدہ کر کے فرار ہو جائیں گے۔ ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے۔ اقتدار کے بعد زوال برداشت نہیں کر سکیں گے۔ چوہدری برادران چیف جسٹس اور جنرل مشرف کا ٹکراؤ دیکھنا چاہتے ہیں مگر جنرل مشرف اب ایسا ہرگز نہیں کریں گے اگر ایسا ہوا تو پھر ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی جس کا فائدہ بھارت اور ایم کیو ایم کو ہو گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں