اپوزیشن کے استعفوں کا بے چینی سے انتظار ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی۔۔چھ اکتوبر کو الیکشن جیتنے کے بعد صدر وردی اتارنے کا اعلان کر سکتے ہیں، چوہدری افضل ساہی کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 28 ستمبر 2007 18:50

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28ستمبر2007 ) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری افضل ساہی نے کہا ہے کہ چھ اکتوبر کو صدارتی انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں سیکو رٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، اسمبلی کے چاروں اطراف سخت سیکورٹی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائشگاہ پر دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کارکنوں سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چھ اکتوبر کو ممبران پنجاب اسمبلی کے علاوہ عام آدمی کا داخلہ ممنوع ہو گا اسمبلی کے احاطہ میں کسی بھی قسم کے احتجاجی جلوس، جلسے او ریلی پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفوں کا شدت سے انتظار ہے ان کے استعفے دینے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ان کا واویلا فضول ہے اپوزیشن نے 5 سال اسمبلی میں سوائے شور شرابے کے کچھ نہیں کیا جبکہ مسلم لیگ ق نے عوام کے کام کئے ان سے کئے گئے وعدے پورے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کوصدارت کیلئے جتنے ووٹوں کی ضرورت ہے وہ پورے ہیں وہ آسانی سے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کو عوام اپنے ٹیلی ویژن کھلے رکھیں وہ دن بریکنگ نیوز کا دن ہے پہلی نیوز صدر جنرل پرویز مشرف کے صدر منتخب ہونے کی چلے گی اور دوسری خبر آرمی عہدہ چھوڑنے کی ہو سکتی ہے اس حوالے سے چھ اکتوبر تاریخ ساز دن ہو گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں