تعلیم کے بغیر انقلاب کا تصور ممکن نہیں  محمد میاں سومرو

بدھ 5 دسمبر 2007 16:11

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 05 دسمبر2007 ) نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر انقلاب کا تصور ممکن نہیں۔ پاکستان میں ذہین افراد کی کمی نہیں لیکن ریسرچ پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور اپنا مستقبل روشن بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کو میدان میں آنا ہو گا۔ وہ گزشتہ روز یہاں کھرڑیانوالہ بائی پاس پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ لاہور کے فیصل آباد کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے حصول پر لگائی گئی رقم خرچ نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے ۔ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ہر مسلمان مردوعورت کے لیے تعلیم کو ضروری فرمایا جبکہ بانی پاکستان نے بھی نوجوان نسل کی تعلیم کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کہا کہ سٹوڈنٹس کو سڑکوں پر لانے والے ان کے خیر خواہ نہیں۔

طلبہ تنقید ضرور کریں لیکن حکومت پر اعتماد رکھیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں انہوں نے کہا کہ صدر پرویز مشرف کی حکومت میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ورلڈ کلاس کیمپس تعمیر کیے جارہے ہیں جبکہ یونیورسٹیوں میں داخلہ بھی ڈبل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 6وٹرنری کالجز جلد کام شروع کر دیں گے۔ یونیورسٹیوں میں پہلی مرتبہ میوزک کی تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 40لاکھ کی لاہور سے نصف آبادی والے ملک سنگا پور میں پچھلے سال یونیورسٹیوں پر 350ارب ڈالر خرچ کیے گئے یہی وجہ ہے کہ قدرتی وسائل نہ ہونے کے باوجود ان کی ایکسپورٹس پاکستان سے 20گنا زائد ہیں۔ 55سال نظر انداز کرنے کے بعد پاکستان میں ہائر ایجوکیشن کو 2.5فیصد بجٹ دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 17سے 23سال کے 3.7فیصد نوجوان یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں جو کہ انڈیا میں 10فیصد جبکہ جنوبی کوریا میں 88فیصد ہیں۔ آکسفورڈ نے 67جبکہ جرمن یونیورسٹی نے 55نوبل پرائز ہولڈر پیدا کیے۔ اس سال پاکستان کی تین یونیورسٹیوں کو دنیا کی 600بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کل آبادی کا 54فیصد یعنی 86ملین 19سال سے کم ہے لیکن علیم پر بجٹ کا صرف 2فیصد خرچ کیا جارہا ہے جبکہ یونیسکو کا کم ازکم معیار 4.2فیصد ہے۔

صدر پرویز مشرف نے وقت کی ضرورت کو سمجھا ہے اور تعلیم کے ذریعے خاموش انقلاب لا رہے ہیں۔ تقریب میں وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرم شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ قبل ازیں نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو ائیرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھرڑیانوالہ پہنچے جبکہ بعد ازاں انہوں نے زرعی یونیورسٹی، سرکٹ ہاؤس اور سرینا ہوٹل میں بھی تقریبات میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں