کوآپریٹو متاثرین کو ادائیگی کیلئے ضروری اقدامات اور لیکویڈیشن بورڈ کی اصلاح کی جارہی ہے،شہباز شریف

جمعہ 4 جولائی 2008 19:23

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04جولائی2008 ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوآپریٹو متاثرین کو ادائیگی کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور لیکویڈیشن بورڈ کی اصلاح احوال بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات صدر ایکشن کمیٹی متاثرین کوآپریٹو پنجاب شیخ طلعت محمود کی عرضداشت کے جواب میں کہی جس میں وزیر اعلیٰ کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ کل 6لاکھ 37ہزار کوآپریٹو متاثرین میں سے 25فیصد ابھی تک وصولیوں سے محروم ہیں جبکہ 98فیصد کو حیلے بہانوں سے منافع نہیں دیا گیا۔

600متاثرین کو 70فیصد منافع کی ادائیگی 19مئی کو ہونا تھی جو کہ نہیں ہو سکی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے نیب کے زیر سایہ لیکویڈیشن بورڈ کی دیانتدارانہ انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمرانہ دور میں بورڈ نے آمریت مسلط رکھی۔ متاثرین کو بار بار چکر لگوائے جاتے اور بے عزتی کی جاتی۔ انہوں نے بورڈ میں بہتر ٹیم اور مفاہمانہ پالیسی کا مطالبہ بھی کیا۔ عرضداشت کے جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ذاتی لیٹر میں تجاویز کو زیر غور لانے اور ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں