امید ہے پی پی دھرنے کی نوبت نہیں آنے دے گی، رانا ثناء اللہ، نواز شریف کا وزیر اعظم کو فون کرنا دونوں جماعتوں کے درمیان برف پگھلانے کی ایک کوشش ہے ، نجی ٹی وی سے بات چیت

پیر 9 فروری 2009 12:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔09فروری 2009 ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پیپلز پارٹی دھرنے کی نوبت نہیں آنے دے گی اور معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بحال کر دے گی۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ سے پہلے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بحال کر دے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خود وکلاء تحریک میں شامل رہی ہے اور اس نے ججز کی بحالی کے حوالے سے وعدے بھی کئے، جن پر اب عمل درآمد کا وقت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن وکلاء کے ہر فیصلے پر عمل کرے گی جبکہ پنجاب حکومت وکلاء کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں ہونے دے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کا وزیر اعظم کو فون کرنا دونوں جماعتوں کے درمیان برف پگھلانے کی ایک کوشش ہے اور پیپلز پارٹی کو بھی مذاکرات کے لئے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں