ٹیکسوں کی وصولی سے کسی کوہراساں نہیں کیا جائیگا، رانا فاروق

منگل 7 جولائی 2009 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی ۔2009ء) وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری رانا محمد فاروق سعید خان نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ اقتصادی صورتحال میں ٹیکسٹائل صنعت کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، سمندر میں دو سو میگا واٹ کا پاورسٹیشن اگلے ماہ کام شروع کر دے گا جس سے صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی، ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے کسی کوہراساں نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر میاں حامد جاوید، فیسکو کے چیف ا یگزیکٹو احمد سعید اختر، فیصل آباد کے ڈی سی او ،کاروباری تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود صنعتی شعبہ خصوصاً ٹیکسٹائل کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔

سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث پیدا ہونے والے بجلی کے بحران کے حل کیلئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری روڈ پر 200 میگا واٹ کا پاور سٹیشن اگلے دو ماہ تک کام شروع کر دے گا جبکہ 250 میگا واٹ کا پاور رینٹل ہاؤس اگلے ماہ تک پاکستان پہنچ جائے گا جسے فیصل آباد میں نصب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ صنعتی وتجارتی تنظیموں کی مشاورت سے انڈسٹری کیلئے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جار رہی تھی تاہم منگلا پاور سٹیشن میں کیبل فالٹ کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر چھ گھنٹے کرنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ یہ فالٹ دور کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ دس جولائی تک صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکسوں کی وصولی کے معاملے میں کسی کو حراساں نہیں کیا جائے گا اور تمام معاملات شفاف انداز میں صنعتی اور تاجر برادری کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ان علاقوں کے عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے معیاری اداروں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں