فیصل آباد ، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مزدوروں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

اتوار 3 جنوری 2010 15:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔03جنوری۔ 2010ء) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف فیصل آباد میں صنعتی مزدوروں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں،ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز اور پانچ بڑی صنعتی تنظیموں نے چار جنوری کو بجلی و گیس کی بندش اور دھاگے کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی کا اعلان کردیا۔لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

سمندری روڈ پر مظاہرین نے تین گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

سمن آباد میں فیکٹری مزدوروں نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں،ڈجکوٹ روڈ،فیکٹری ایریا،مظفر کالونی،بیرون جھنگ بازار ،امین پورہ بازاراور دیگر علاقوں میں بھی صنعتی مزدوروں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانچ روز سے اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے فیکٹریاں اور کارخانے بند پڑے ہیں اور ہزاروں مزدوروں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔

فیصل آباد کے علاوہ سرگودھا،چنیوٹ،جھنگ اور فیسکو ریجن کے دیگر اضلاع میں بھی بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز اور پانچ بڑی صنعتی تنظیموں کی طرف سے چار جنوری کو بجلی و گیس کی بندش اور دھاگے کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی کا اعلان کیا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں