فیصل آباد‘ گاڑی چوری کے الزام میں گرفتار ملزم حوالات میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک، ملزم کے لواحقین کی تھانے میں توڑ پھوڑ ‘ واقعہ پر شدید احتجاج‘ ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ‘حفیظ کو کوئی بیماری نہیں تھی‘ پولیس تشدد سے ہلاک ہوا‘ لواحقین کا الزام

منگل 6 نومبر 2012 14:01

فیصل آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔6نومبر 2012ء) فیصل آباد‘ گاڑی چوری کے الزام میں گرفتار ملزم حوالات میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک‘ملزم کے لواحقین کی تھانے میں توڑ پھوڑ ‘ واقعہ پر شدید احتجاج‘ ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ‘ دوسری جانب ملزم حفیظ کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے کوئی بیماری نہیں تھی‘ پولیس تشدد سے ہلاک ہوا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو تین روزہ ریمانڈ پر لایا گیا ملزم حوالات میں مبینہ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ تھانہ غلام محمد آباد حوالات میں لگے سی سی ٹی وی میں زمین پر لیٹا تینتیس سالہ حفیظ الرحمان اچانک اٹھا اور دل پر ہاتھ لگانے کے بعد زمین پر گر گیا۔ ساتھیوں نے اسے اٹھانے کی کوشش کی لیکن پولیس کے مطابق وہ دم توڑ چکا تھا ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس اپی ، عاشق علی کے مطابق، ملزم کو گاڑی چوری کرنے کے مقدمے میں شک کی بنا پر گرفتار کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد مشتعل لواحقین نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔ سڑک کو ٹائر جلا کر ٹریفک کیلئے بندکر دیا اور تھانے میں ہنگامہ آرائی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حفیظ پولیس تشدد سے ہلاک ہوا ہے اسے کوئی بیماری نہیں تھی۔ذرائع کے مطابق حفیظ تین بچوں کا باپ تھا ۔ اہلخانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں