پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے 18 سال بعد سنوکر چیمپئن کا عالمی تاج پاکستان کے سر پر سجا دیا،ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے 10میچوں میں ناقابل شکست رہنے والے آصف نے فائنل میں برطانیہ کے کھلاڑی گیری ولسن کو 8 کے مقابلے میں 10فریم سے شکست دیکر چیمپئن شپ جیت لی ، آصف فائنل میچ جیتتے ہی اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو گئے، فیصل آباد میں آصف کے گھر پر جشن کا سماں، مٹھائیوں کی تقسیم ، بھنگڑے ڈالے گئے، صدرزرداری ، وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت کی مبارکباد، وزیراعلیٰ شہباز شریف کا محمد آصف کیلئے 10 لاکھ انعام کا اعلان

اتوار 2 دسمبر 2012 22:52

صوفیہ/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2دسمبر۔ 2012ء) پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے 18 سال بعد سنوکر چیمپئن کا عالمی تاج پاکستان کے سر پر سجا دیا،ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہنے والے محمد آصف نے فائنل میں برطانیہ کے کھلاڑی گیری ولسن کو 8-10 کے فریم سے شکست دیکر چیمپئن شپ جیت لی ، آصف جیتتے ہی سجدہ ریز ہو گئے، فیصل آباد میں آصف کے گھر پر جشن کا سماں، مٹھائیوں کی تقسیم ، بھنگڑے ڈالے گئے ، صدر ، وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت کی مبارکباد، وزیراعلیٰ شہباز شریف کا محمد آصف کیلئے 10 لاکھ انعام کا اعلان،سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز پر میچ کی خصوصی کوریج۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کیوئسٹ محمد آصف نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کر18 سال بعد پاکستان کو سنوکر کا عالمی چیمپئن بنوا دیا۔

(جاری ہے)

1994ء میں پاکستانی محمد یوسف نے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ محمد آصف ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہے اور فائنل میں انگلینڈ کے گیری ولسن سے سخت مقابلہ ہوا ۔ ایک موقع پر محمد آصف کو گیری ولسن پر 3 کے مقابلے میں 6 فریم کی برتری حاصل تھی مگر گیری ولسن نے جلد یہ برتری ختم کر کے میچ 6-6 سے برابر کر دیا تاہم اس کے بعد آصف نے برتری حاصل کی اور سکور کو 8 تک لے گئے تاہم اس موقع پر بھی گیری ولسن نے سکور 8-8 سے برابر کر دیا تاہم اس کے بعد محمد آصف نے عمدہ کھیل پیش کیا اور گیری ولسن کو سنبھلنے نہ دیا اور میچ 8 کے مقابلے میں 10 فریم سے جیت لیا۔

محمد آصف ایونٹ میں لگا تار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست رہے۔ جونہی محمد آصف میچ میں فاتح قرار پائے تو وہ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو گئے۔ اس موقع پر سرکاری ٹی وی سمیت نجی ٹی وی چینلز پر بھی میچ کی بار بار سکورنگ بتائی جاتی رہی اور قوم میں ایک جذبہ پیدا کیا جاتا رہا۔ میچ کی فتح کے ساتھ ہی فیصل آباد میں محمد آصف کے گھر پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا اور لوگ ان کے گھر جمع ہو گئے۔

اس موقع پر فیصل آباد میں ان کے گھر پر مٹھائی تقسیم کی گئی اور خوشی میں بھنگڑے ڈالے گئے ۔ اپنی جیت کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے عالمی چیمپئن محمد آصف نے کہا کہ گیری ولسن کے خلاف مقابلہ آسان نہیں تھا تاہم جیت پر خوشی ہے انہوں نے کہاکہ میری جیت پاکستانی عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے جس پر قوم کا مشکور ہوں۔ محمد آصف کی کامیابی پر صدر زرداری ، وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی جیت پر محمد آصف کو مبارکباد دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے شہباز شریف نے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں