پاکستان اوربھارت کو ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے آگے بڑھنا ہوگا ، ویزا معاہدے کاباقاعدہ اطلاق ہو گیا ، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تجارت کو مزید آسان اور فروغ دینے کیلئے بینکنگ سیکٹر کو آپریشنل کیا جا رہا ہے ، کرکٹ سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی ، بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال کا فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2012 20:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17دسمبر۔ 2012ء) بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کو ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے آگے بڑھنا ہوگا ، پاک بھارت ویزا معاہدہ کاباقاعدہ اطلاق ہو گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ تجارت کو مزید آسان اور فروغ دینے کیلئے بینکنگ سیکٹر کو آپریشنل کیا جا رہا ہے ، کرکٹ سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

وہ پیرکو ایوان صنعت و تجارت فیصل آبادمیں ممبران سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویزا پالیسی سے صنعتکاروں کو دس شہروں کا ایک سالہ ملٹی پل ویزا کا اجراء کیا جائے گا جسے پولیس رپورٹنگ سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپریل 2013 ء تک منفی تجارتی لسٹ کو 604 سے کم کر کے 100 تک کر دے گا اور امید ہے کہ پاکستان بھی منفی لسٹ کو مزید کم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کی حکومتیں تجارتی و سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہیں۔ پاکستان سے بھارت کو برآمدات میں کسٹمز، لیبارٹری ٹیسٹنگ اور باہمی تجارتی معاملات کے حل کیلئے معاہدے ہو چکے ہیں جبکہ ان پر عملدرآمد جلد شروع ہو جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واہگہ اور اٹاری کے ذریعے اتوار کے علاوہ روزانہ 13 گھنٹے تجارت ہو رہی ہے ۔

امید کی جا رہی ہے کہ کھوکھرا پار اور گنڈا سنگھ کے ذریعے بھی تجارت شروع جلد کی جائیگی کیونکہ زمینی تجارت دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر ایوان میاں زاہد اسلم نے کہا کہ منفی تجارتی لسٹ کی کمی اور نئی ویزا پالیسی کے اطلاق سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔ یورپ اور امریکہ کے معاشی حالات کا تقاضا ہے کہ علاقائی تجارت کو فروغ دیا جائے کیونکہ دنیا بھر میں 60 فیصد علاقائی تجارت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کا حالیہ باہمی تجارتی حجم 2 بلین ڈالر ہے جسے 10 بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ تجارت کو فروغ دیا جائے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی معیشت مضبوط ہوں گی جبکہ دفاع کے بجٹ کو اگر دونوں ممالک کم کر دیں تو غربت و افلاس میں جکڑے عوام کیلئے تعلیم اور صحت کی بہترسہولتیں بھی میسر ہو سکتی ہیں اگر بھارت کی جانب سے تجارتی رکاوٹوں کو مزید کم کیا جاتا ہے تو اس کا فائدہ بالآخر بھارت کو ہی ہوگا کیونکہ بھارت اپنی بہت بڑی مارکیٹ کیلئے پاکستان سے سستی اشیاء درآمد کر سکے گا۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام چندی گڑھ میں سنگل سٹی نمائش لگانے کی خوہش کا بھی اظہار کیا جس پر بھارتی ہائی کمشنر نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ نائب صدر ایوان چوہدری محمد بوٹا نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر حاجی محمد عابد، عمران علی، رانا سکندر اعظم، حق نواز ملک ، رضوان اشرف ، سہیل بن رشید ، اشرف گاندھی، مجاہدالحسینی، سلیم عمر، نوید گلزار ، شہزاد صدیقی اور چوہدری محمداصغر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ تقریب کے اختتام پر سابق صدور خواجہ عاصم خورشید ، مزمل سلطان اور صدر ایوان میاں زاہد اسلم نے مہمانوں کو چیمبر کی شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں