فیصل آباد،رانا ثناء اللہ کے جلسہ میں آنے والے ریلی کے شرکاء کی ہوائی فائرنگ پر ‘ 3ملزمان گرفتار ، اسلحہ برآمد

ہفتہ 22 دسمبر 2012 15:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔22دسمبر 2012ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان کے جلسہ میں شرکت کیلئے آنے والے شرکاء کی ریلی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3ملزمان گرفتار ، 3 پسٹل برآمد ،صوبائی وزیرقانون کی مدعیت میں تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں مقدمہ درج ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات علامہ اقبال کالونی میں صوبائی وزیر قانون کے جلسے میں شرکت کیلئے آنے والی ریلی کے شرکاء شیخ خالد ، محمد بلال اور فیصل کی طرف سے اندھادھند ہوائی فائرنگ کرنے کے خلاف صوبائی وزیرقانون نے سخت کارروائی کرتے ہوئے اپنی مدعیت میں تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں مقدمہ نمبر 885 زیر دفعہ 13/20/65 ، 337/H2 درج کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے پسٹلز برآمد کرلئے ، کل بروز سوموار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ، اس موقع پر صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے اپنے موقف میں کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اس طرح کی حرکتیں کرنے والے افراد کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ خوش رہنے کیلئے اور بھی بہت سے طریقے ہیں ضروری نہیں کہ ہوائی فائرنگ کرکے ہی خوشی کا اظہار کیا جائے ، ہوائی فائرنگ کسی بھی وقت خطرناک ہوسکتی ہے قیمتی جان جاسکتی ہے ، اس لئے حکومت کسی کو بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیتی اور جلسے میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق ہی سلوک ہوگا ، تھانے میں بھی ان کے ساتھ ملزموں جیسا ہی برتاؤ کیا جائے گا ، پولیس انہیں سرکاری مہمان نہیں بنائے گی ، انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں ہونے والی فائرنگ اور اس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے حافظ قرآن کے ورثاء سے کہا کہ ملزمان کو کٹہرے میں لائیں گے اور قانون کے مطابق سزا ہوگی ، انہوں نے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ساتھ اور ہر طرح سے ان کی امداد کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں