پاکستان ہاکی فیڈریشن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے لڑائی کے بجائے ہاکی کی بہتری کیلئے توجہ مرکوز رکھے، فیڈریشن کا کام ہاکی کی ترقی ہے جس پر کام کیا جانا چاہئے،فیڈریشن نے ٹھوس اور بروقت اقدامات نہ کئے تو ہاکی کا کھیل ختم ہوجائے گا، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سینئرکی جدہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

منگل 26 فروری 2013 21:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26فروری۔2013ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے لڑائی کے بجائے ہاکی کی بہتری کیلئے توجہ مرکوز رکھے۔ جدہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز سینئر نے کہا کہ فیڈریشن کا اصل کام ہاکی کی ترقی ہے جس پر کام کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک انفراسٹرکچر کی بہتری کرکے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے نہیں لایا جاتا ہاکی میں کھویا ہوا مقام واپس نہیں آسکتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن حکام سیاست پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور کھیل پر کسی کی توجہ نہیں جو نقصان دہ ہے۔ شہباز احمد نے کہا کہ آسٹریلوی اور یورپی ٹیموں نے میگاایونٹس میں اپنی حقیقی صلاحیتوں اور طاقت کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ہماری کارکردگی بدترین رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے ٹھوس اور بروقت اقدامات نہ کئے تو ہاکی کا کھیل ختم ہوجائے گا اور اسے واپس مقام دلانا آسان نہیں ہوگا۔ شہباز احمد سینئر نے کہاکہ سپورٹس بورڈ کو کمزور کھیلوں کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ کھیلوں کی سطح پر ملک کا نام روشن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں