چوہدری نثار کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں میر صادق اور میر جعفر کا کردار ادا کرکے نواز شریف کو مخلص ساتھیوں سے دور کردیا میں دکھی دل کے ساتھ (ن) لیگ کو خدا حافظ کہہ رہا ہوں‘ مشرف لیگ میں جانا ہوتا تو بہت پہلے چلا جاتا ، (ن) لیگ کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات راجہ نادر پرویز کی پریس کانفرنس ، (ن) لیگ سے اپنی 27 سالہ رفاقت کو توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

پیر 1 اپریل 2013 17:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 1اپریل 2013ء) (ن) لیگ کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات راجہ نادر پرویز نے کہا ہے کہ میں چوہدری نثار کو مبارکباد دیتا ہوں جس نے (ن) لیگ میں رہ کر میر صادق اور میر جعفر کا کردار ادا کرکے میاں نواز شریف کو مخلص ساتھیوں سے دور کردیا میں دکھی دل کے ساتھ (ن) لیگ کو خدا حافظ کہہ رہا ہوں‘ مشرف لیگ میں جانا ہوتا تو بہت پہلے چلا جاتا ۔

وہ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے وہ اس موقع پر (ن) لیگ سے اپنی 27 سالہ رفاقت کو توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ساتھیوں سمیت انتہائی مشکل حالات میں نواز شریف کا ساتھ اور قومی اسمبلی میں صرف 18 ایم این ایز کے ساتھ (ق) لیگ کا مقابلہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کو اکٹھا کئے رکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹ لینے کے ڈیڑھ کروڑ روپیہ اور ایک گاڑی دی جائے تو ٹکٹ کنفرم ہوجاتا ہے فیصل آباد میں چند لوگ ٹکٹوں کے نام پر روپیہ کما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں سے دلبرداشتہ ہو کر مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی منافقت ی وجہ سے جاوید ہاشمی اور کئی دوسرے اہم رہنما مسلم لیگ چھوڑ گئے سابقہ اپوزیشن لیڈر نے مسلم لیگ (ن) کا بیڑہ غرق کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کی شادی میں چھ سابق آرمی چیف سمیت سابق صدر پرویز مشرف شامل تھے میرا ان کے ساتھ ذاتی تعلق تھا میں نے اگر مشرف کا ساتھ دینا ہوتا تو اس وقت دیتا جب میاں نواز شریف خاندان سمیت جدہ میں تھے ان کے والد محمد شریف کے جنازے کو کندھا دینے والا کوئی نہیں تھا تب ہم ان کے ساتھ تھے میری ٹکٹ صرف اس لئے کنفرم نہیں کی گئی کہ میں نے سابق صدر مشرف کو دعوت ولیمہ میں کیوں بلایا۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا حلقہ کے عوام نے اگر الیکشن لڑنے کیلئے مجبور کیا تو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ کر حلقہ کے عوام کی خدمت کرونگا۔ دریں اثناء راجہ نادر پرویز پریس کانفرنس میں مسلم لیگ(ن) سے اپنی 27 سالہ رفاقت توڑنے کا اعلان کرکے آبدیدہ ہوگئے۔ اپنے حلقہ سے پانچ دفعہ منتخب ہونے والے راجہ نادر پرویز (ن) لیگ سے اپنی 27سالہ رفاقت کے بعد الگ ہوگئے مسلم لیگ (ن) سے الگ ہونے کا اعلان کرنے کے بعد وہ آبدیدہ ہوگئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں