امریکہ خطہ میں نہیں ٹھہر سکا تو انڈیا بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا ،حافظ محمد سعید ،مشرقی پاکستان کو دولخت کرنے والا بھارت ہمارے دریاؤں پر ڈیم بناکر پاکستان کو بنجر اور معاشی طور پر اپنادست نگر بنانا چاہتا ہے ،مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں ،بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پہلے مرحلہ میں دو ہزار گھر تعمیر کریں گے ،رضاکاروں کی بڑی تعداد قربانی کے گوشت کی تقسیم کی عمل میں حصہ لے گی۔قوم زلزلہ متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ، تقریب سے خطاب

اتوار 13 اکتوبر 2013 21:17

فیصل آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اکتوبر۔2013ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اس خطہ میں نہیں ٹھہر سکا تو انڈیا بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔مشرقی پاکستان کو دولخت کرنے والا بھارت ہمارے دریاؤں پر ڈیم بناکر پاکستان کو بنجر اور معاشی طور پر اپنادست نگر بنانا چاہتا ہے۔مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔

بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پہلے مرحلہ میں دو ہزار گھر تعمیر کریں گے۔ زلزلہ زدہ ہر بستی اور گاؤں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ رضاکاروں کی بڑی تعداد قربانی کے گوشت کی تقسیم کی عمل میں حصہ لے گی۔قوم زلزلہ متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائلپور جمخانہ فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالروف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ بلوچستان کے کشیدہ حالات کی ذمہ دار کوئی ایک حکومت نہیں بلکہ ہر دورمیں بلوچ عوام کو محرومیاں ہی ملی ہیں۔ بلوچستان کے متاثرہ بھائیوں کی مدد کر کے عالمی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے حالات پہلے سے کافی بہتر ہیں۔

اسلامی اخوت کی وجہ سے آج بلوچستان قائم ہے۔متاثرین کی امداد کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے بھارتی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کو افغانستان میں بٹھا رکھا ہے جو دہشت گردوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کر رہی ہیں۔ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھا نے کی کوششیں کی جاتی ہیں اورکراچی کا امن برباد کرنے کیلئے اسلحہ بھیجا جارہا ہے۔

دشمنان اسلام نہیں چاہتے کہ کراچی، پشاور ، کوئٹہ اور دیگر شہروں و علاقوں میں ٹارگٹ کلنک اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے ۔ ہمیں افغان مسلمانوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے جرأت و استقامت کا راستہ اختیا ر کرنا چاہیے۔ کرزئی سے صاف طور پر کہنا چاہیے کہ بھارتی فوج کو مغربی بارڈر پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کاروائیوں کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہیں افغان سرزمین سے باہر نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ غیر مسلم ممالک سے مذاکرات کی اسلام میں ممانعت نہیں ہے لیکن مسلم حکمرانوں کو کفارسے دوستیوں کو اپنی مجبوری نہیں بنانا چاہیے۔ ہمیشہ دین اسلام اور مسلمانوں کے مفادات کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں۔جب مسلم حکمران اس بنیادی اصول پر عمل کریں گے تو پھر کفار سے مذاکرات اور ان کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال ہو گی اور مسلم حکومتوں کو معاملات طے کرنے میں آسانی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کوطالبان سے مذاکرات ضرور کرنے چاہئیں ۔ مسلمانوں کے درمیان معاملات بات چیت کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں لیکن اس کے لئے کچھ اصولی باتیں طے کرنا ضروری ہے۔سب سے پہلے ڈرون حملے بند کروائے جائیں۔ حکومت کو اس حوالہ سے امریکہ سے کھل کر بات کرنی چاہیے۔اگر وہ ڈرون حملوں سے باز نہیں آتا تو پھر بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون گرانے کا حکم دیا جائے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہاکہ آفات انسانوں کو جھنجھوڑنے کے لیے اور گناہوں سے توبہ کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش ہوتی ہیں۔ حالات کیسے بھی ہوں ہمیں اپنے بلوچ بھائیوں کی مدد کے لیے کمر بستہ رہنا چاہیے۔ فلاح انسانیت فاوٴندیشن بلا رنگ و نسل امتیاز خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے۔ بلوچستان کا زلزلہ اہل پاکستان کے لیے بہت بڑی آمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقے آواران میں 3 لاکھ کے قریب لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 13 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں۔ جن کی تعمیر و مرمت کی اشد ضرورت ہے۔ مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں