سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد کے رہنماؤں کی حاجی محمد الیاس انصاری کو محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا پارلیمانی سیکرٹری بننے پر مبارکباد، امید ہے حاجی محمد الیاس انصاری اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کی ترقی کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں این جی اوز کی ترقی میں بھی اپنا مثبت کردار اد ا کریں گے‘حاجی محمد ناصر انصاری‘ ریاض احمد انصاری

پیر 16 دسمبر 2013 12:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16دسمبر 2013ء) سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد کے رہنماؤں حاجی محمد ناصر انصاری، حاجی ریاض احمد انصاری، رانا اختر حسین، محمد ارشدقاسمی،حاجی سردار محمد انصاری نے ایک بیان میں رکن صوبائی اسمبلی اور سابق سٹی نائب ناظم حاجی محمد الیاس انصاری کو محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا پارلیمانی سیکرٹری بننے پر دلی مبارکباد دی ہے ۔

ان رہنماؤں نے خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے اس فیصلے پر ان کا دلی شکریہ ادا کیا ہے ک انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کی ذمہ داری پنجاب کے اس رکن اسمبلی کے سپرد کی ہے جس کے پاس سوشل ویلفیئر کا وسیع تجربہ موجود ہے اور وہ خود بھی اور ان کا خاندان بھی فیصل آباد کی قدیم رجسٹرڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے بانیوں میں سے ہے جن کے دم قدم سے یہ سوسائٹی کالونی غلام محمد آباد میں سماجی بھلائی اور خاص کر خواتین کو ہنر مند بنانے میں تاریخ ساز کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی خدمات کا ایک زمانہ معترف ہے۔ امید ہے کہ حاجی محمد الیاس انصاری اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کی ترقی کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں این جی اوز کی ترقی میں بھی اپنا مثبت کردار اد ا کریں گے۔ان رہنماؤں نے مزید کا کہ اس وقت معاشر ے میں دو طرح کی این جی اوز کام کر رہی ہیں جن میں ایک این جی اوز کے وہ عہدے دار ہیں جو محض اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے بغیر کسی دنیاوی لالچ اور غرض کے اپنا وقت اوراپنا سرمایہ خرچ کرتے ہیں۔

جبکہ ایک وہ این جی اوز بھی موجود ہیں جن کے عہدے دار این جی اوز کے ذریعہ سے ماہانہ لاکھوں روپے کے فوائد حاصل کر رہے ہیں ، امید ہے کہ حاجی محمد الیاس انصاری پنجاب میں موجود این جی اوز کی ترقی ، ترویج اور اشاعت کے لیے بھرپور قائدانہ صلاحیتیں صرف کریں گے اور ان کے دم قدم سے یہ این جی اوز معاشرے کی بھلائی اور بہتری کے لیے زیادہ بہتر انداز میں اپنی سرگرمیاں جاری و ساری رکھیں گی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں