عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال

میرپور ماتھیلو کو 6 ماہ میں بہتر کیا جائے گا، میجر جنرل فیض حمید

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:13

گھوٹکی ۔ 26 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 دسمبر۔2015ء) جی او سی 16 ڈویژن پنو عاقل کینٹ میجر جنرل فیض حمید نے کہا ہے کہ ضلع کی عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے مطالبہ پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور ماتھیلو کو 6 ماہ میں بہتر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو، ایس ایس پی ثاقب سلطان محمود اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلع کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے عملداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مریضوں کے علاج کیلیے اسپتالوں کو فنڈز دیئے جاتے ہیں اس کے باوجود مریضوں کا علاج بہتر نہیں ہو رہا اس لئے ضلعی انتظامیہ کی خواہش پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور ماتھیلو کی انتظامیہ سے میڈیکل ونگ 16 ڈویژن پنو عاقل کینٹ کی جانب سے 6 ماہ تک مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ ضلع گھوٹکی کے مریضوں کو اپنے ہی ضلع میں صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں مل سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو میرپور ماتھیلو میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے بنائے گئے ٹراما سینٹر، ڈائیلاسز سینٹر، سی سی یو سینٹر اور مدر اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر کو بھی سی ایم ایچ اور ضلع کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تعاون سے 3 ماہ کیلئے شروع کیا جائے گا جبکہ تمام سنٹروں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی مستقل بنیادوں پر مقرری کیلئے حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی تاکہ ضلع کی عوام کو سہولت فراہم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کو تو رول ماڈل ضلع ہونا چاہئے کیوں کہ یہ ایک صنعتی ضلع ہے، کوئی بھی ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے ہمت چاہئے، ہمت کے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی اس لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ کو چاہئے کہ ہمت اور سچائی سے کام لے کر قوم کی خدمت کریں تمام مریضوں کا100 فیصد علاج کریں جو کہ ان کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کرتی ہے اسی سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کیا جارہا ہے تاکہ ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلوکو عوام کے لیے با فاعدہ بنائیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور ماتھیلو میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے بنوائے گئے تمام سنٹروں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مقرر نہیں جس وجہ سے سنٹروں کو 24 گھنٹے چلانا ناممکن ہے جبکہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر کو پی پی ایچ آئی کے تعاون سے چلایا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلو کو میڈیسن کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے سالانہ 4 کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں اس کے باوجود مریض شکایت کرتے اس لئے ضلعی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ ڈی ایچ کیو میرپور ماتھیلو کو بہتر بنانے کیلئے پاک آرمی کی میڈیکل ونگ تعاون کرے۔ بعد میں جی او سی 16 ڈویزن پنوعاقل کینٹ میجر جنرل فیض حمید نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا معائنہ کیا۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں