امن کی بحالی، اقتصادی بہتری اور سیاسی پختگی کے ذریعے پاکستان میں ایک نئے اور شاندار دور کا آغاز ہو چکا ہے، قوم ان مثبت امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لئے یکسو ہوجائے

صدر مملکت ممنون حسین کا یوم آزادی کے موقع پر پیغام

جمعرات 13 اگست 2015 14:37

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن کی بحالی، اقتصادی بہتری اور سیاسی پختگی کے ذریعے پاکستان میں ایک نئے اور شاندار دور کا آغاز ہو چکا ہے، قوم ان مثبت امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لئے یکسو ہوجائے۔ یوم آزادی مستقبل میں قوم کے لئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔

انہوں نے یہ بات وطن عزیز کے69 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو کل جمعہ کو جوش و جذبہ سے منایا جا رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ ہمارا یہ یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان پر علاقائی اور عالمی حالات کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے جس کے نتیجے میں پاکستان میں نہ صرف امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے بلکہ پیچیدہ اقتصادی بحرانوں نے بھی ہمارے گھر کا راستہ دیکھ لیا لیکن پاکستانی قوم کے عزم صمیم کے سامنے کوئی مشکل ٹھہر نہ سکی۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے وطن عزیز کے مختلف خطوں، علاقوں اور شہروں کو بدامنی، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لئے بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ کارروائی کا فیصلہ کیاجس کے تحت افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے موٴثر کردار ادا کررہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے ۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی بہتری کے لئے بھی حکومت نے ٹھوس پالیسیاں اختیار کی ہیں جن کے نتیجے میں کاروباری ماحول بہتر ہو رہا ہے اور پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہی نہیں پیدا ہو رہے بلکہ سرمایہ کار پاکستان کا تیزی سے رخ کر رہے ہیں۔

یہ تبدیلیاں ہمارے اقتصادی مستقبل کے لئے نیک فال کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری پر کام شروع ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ بھی پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لئے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاست کے میدان سے بھی مثبت اشارے آ رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں قومی منصوبوں اور اہداف کے حصول کے لئے اتفاق رائے کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ علامات قومی سیاست کی پختگی کا بین ثبوت ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایک نئے اور شاندار دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس پس منظر میں صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ان مثبت اور واضح امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لئے یکسو ہو جائے تاکہ ہم بانیان پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ان خوابوں میں حقیقت کا رنگ بھر سکیں جو انہوں نے اس عظیم وطن کے لئے دیکھے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں