ایم کیو ایم کی جانب سے استعفوں پر تشویش ہے ‘ ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو جائیگا ‘مولانا فضل الرحمن

جمعرات 13 اگست 2015 16:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے استعفوں پر تشویش ہے اور اس سے ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو جائیگا ‘کراچی میں آپریشن ضرور ہو مگر کسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں بنانا چاہیے ‘ ایم کیو ایم کے کی جانب سے استعفوں کے بعد آئینی طور پر واپسی کا کوئی راستہ نہیں ‘ معاملے پر آئینی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی رہنماوٴں کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ایم کیو ایم کی جانب سے استعفے دیئے جانے پر تشویش ہے اور اس طرح سے ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کسی بھی پارٹی سے ہو سکتا ہے لیکن کسی بھی جماعت سے ایسا اختلاف نہیں کہ یہ جماعت پارلیمنٹ میں کیوں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی فرد یا جماعت اسمبلی سے استعفیٰ دے لیکن اگر کوئی فرد یا جماعت خود استعفیٰ دے تو پھر ہمارا موقف وہی ہو گا جو تحریک انصاف کے معاملے پر تھا، حکومتی ارکان کی جانب سے ماضی کے فیصلوں کی روشنی میں بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کی اسمبلی میں واپسی کا راستہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمانی رہنماوٴں کے اجلاس میں مجھے یہ ذمہ داری سوپنی گئی کہ ایم کیو ایم کو مناوٴں، ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملے پر آئینی اور قانونی ماہرین سے مشاورت کروں گا اور کوشش ہو گی کہ معاملے کو بہتر اندار میں حل کیا جائے تاکہ ملک میں سیاسی بحران پیدا نہ ہو، کوشش ہو گی کہ ایم کیو ایم کو باعزت طریقے سے واپس اسمبلی میں لے آئیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن ضرور ہو مگر کسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں بنانا چاہیے ایم کیو ایم کے کی جانب سے استعفوں کے بعد آئینی طور پر واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔ اس معاملے پر آئینی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آئین کی تشریح عدالتوں کا کام ہے پی ٹی آئی کے معاملے پر بھی ہمارایہی موقف تھا، سیاسی بحران کی بجائے معاملے کو آئینی طور پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں