کاروباری شراکتوں کے مواقع تلاش کرنے کیلئے ویتنام کے تجارتی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

ویتنام پاکستان کے اتھ تجارتی واقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے،سفیر اینگوین ژوان لو تجارتی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں مثبت پیشرفت ہو گی، خطاب پاکستان ،ویتنام کے درمیان 2014میں باہمی تجارت 420ملین ڈالر تھی جو اصل صلاحیت سے کافی کم ہے،تجارتی وفود کے تبادلوں سے تمام مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنا ممکن ہوگا،مزمل حسین صابری

جمعرات 13 اگست 2015 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) ویتنام کے بڑے تجارتی وفد نے ویتنام کے سفیر اینگوین ژوان لو اور ویتنام کی وزارت صنعت و تجارت کے نمائندے ہوانگ ڈک نوہن کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی تاجر برادری کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگ کا انعقاد کیا تا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار شراکتیں قائم کرنے کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

وفد میں ٹیکسٹائل، الیکٹریکل کا سامان، سٹیل، ہوم اپلائنسز، زرعی کاروبار، پھل و سبزیاں،خوراک، مشروبات ، صنعتی مشینری اور آٹو پارٹس کے نمائندگان شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ویتنام کے سفیر اینگوین ژوان لو نے کہا کہ ویتنام پاکستان کے ساتھ تجارتی واقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویتنام کے بڑے تجارتی وفد کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے جبکہ پہلا وفد اس سال فروری میں پاکستان کے دورے پر آیا تھا۔

اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ویتنام پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں کتنا سنجیدہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ویتنام کے موجودہ تجارتی وفد کے پاکستان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان قوم کو اپنا 69یوم آزادی منانے پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ویتنام کے تجاری وفد کے سربراہ اور وزارت صنعت و تجارت کے نمائندے جناب ہوانگ ڈک نوہن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ویتنام پر زور دیا کہ وہ اپنے نجی شعبوں کے مابین براہ راست روابط قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں کیونکہ نجی شعبے باہمی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کو قریب لا کر اپنی معیشتوں کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اس سے دوطرفہ تجارت میں بھی تیزی آئے گی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان 2014میں باہمی تجارت 420ملین ڈالر تھی جو ان کی اصل صلاحیت سے کافی کم ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کریں اور ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں شرکت کرنے پر توجہ دیں کریں جس سے ممکنہ تعاون کے تمام مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنا ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام میں زراعت، فارموسوٹیکل، فشریز، ٹیکسٹائل، تیل و گیس سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے جبکہ موجودہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے لہذا یہ مناسب وقت ہے کہ ویتنام کے سرمایہ کار پاکستان میں خاص طور پر توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر کی صنعت، انفراسٹریکچر کی ترقی، زراعت، تعلیم اور سیاحت سمیت دلچسپی کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے اپنے اختتامی کلمات میں ویتنام کے وفد کو چیمبر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیااور اس توقع کا اظہار کیا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو صلاحیت کے مطابق ترقی دینے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں