کمیٹی سسٹم کو فعال بنانے کیلئے متعدد اقدامات زیر غور ، کمیٹیوں کو درپیش مسائل کا حل نکال لیا جائے گا چیئرمین سینیٹ

ایران اور مغربی ممالک کے مابین نیوکلیئر معاہدہ کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،رضاربانی سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

جمعرات 13 اگست 2015 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء ) ء چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کونسل آف چیئرمین کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو درپیش مسائل کا جلد ہی حل نکال لیا جائے گا تاکہ قائمہ کمیٹیوں کو کام میں پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے والے اراکین کمیٹی کو اب چیئرمین کمیٹی کو باضابطہ طور پر درخواست کے ذریعے آگاہ کرنا پڑے گا اراکین کی حاضری سینیٹ کی ویب سائٹ پر رکھی جائے گی ۔

میاں رضاربانی نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور اراکین کو سی ڈی پر تمام کارروائی جلد ہی ملنا شروع ہو جائے گی اور سینیٹ سیکرٹریٹ یو این ڈی پی اور آئی پی یو کے تعاون سے پاکستانی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے کام کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینیٹ میں جلد ہی متعارف کرائی جانے والی انٹرن شپ پالیسی پر بھی اراکین کو آگاہ کیا جس کے تحت نوجوان طلباء اور طالبات کو ڈیڑھ سال کیلئے کام کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے پاس مختلف وزارتوں کے افسران کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاسوں میں طلب کرنے کیلئے ازخود اختیارات بھی ہیں ۔آج کے اس اعلیٰ سطح اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف امور کی طرف توجہ مبذول کرائی اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ بعدازاں چیئرمین سینیٹ سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی سطح پر تعاون کو ایک نئے انداز میں فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کی تاریخ اور قدریں کافی مشترک ہیں اور مختلف مسائل بشمول گیس پائپ لائن منصوبے اور بجلی کی فراہمی پر مل کر کام کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایران اور مغربی ممالک کے مابین ہونے والا نیو کلیئر معاہدہ پورے خطے کے بہتر مفاد میں ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین روابطہ کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ایران کا پارلیمانی وفد ایشیائی پارلیمانی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کرے گا ۔چیئرمین سینیٹ نے ایران کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں