قوم اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والی رکاوٹیں ناکام بنا دے‘ حکومت اور مسلح افواج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں‘ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی‘ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں‘ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج اور حکومت کی پشت پر کھڑی ہے‘ حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کے باعث عالمی برادری میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے، بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں،مملکت خداداد کے قیام کے لئے بزرگوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں ، آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں

صدرمملکت ممنون حسین کاکنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب

جمعہ 14 اگست 2015 11:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) صدرمملکت ممنون حسین نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خداداد کے قیام کے لئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں جن کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں‘ قوم اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والی رکاوٹیں ناکام بنا دے‘ حکومت اور مسلح افواج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں‘ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی‘ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں‘ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج اور حکومت کی پشت پر کھڑی ہے‘ حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کے باعث عالمی برادری میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔

بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں کنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بزرگوں کی جدوجہد سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے علامہ اقبال کے خواب کو قائد اعظم نے تعبیر دی۔ قومی پرچم سربلند دیکھ کر اپنے بزرگوں کی یادیں تازہ ہوگئیں۔

سرسید احمد خان نے علم کی شمع روشن کی۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے عظیم مملکت کے قیام کے لئے عملی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی تعمیر نو کے لئے ایسے ہی جذبے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کے وطن نوجوانوں میں تھی۔ ملک کو جہالت‘ غربت‘ بے روزگار‘ دہشت گردی سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے ہمیں ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے سرسید احمد خان کے جذبے کے تحت جدید تعلیم کو فروغ دینا ہے۔

ہمیں اپنے ملک سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ کرناہوگا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لئے حکومت تندہی سے کام کررہی ہے۔

پاکستان چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے لئے مفید ہے۔ قوم اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والی رکاوٹیں ناکام بنا دے۔ حکومت پاکستان اور مسلح افواج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج اور حکومت کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں برداشت کا کلچر فروغ پارہا ہے حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کے باعث عالمی برادری میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان پرامن بقائے باہمی کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا حامی ہے۔ سلامتی کو خطرہ لاحق ہونے پر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ سیلاب کی روک تھام کے لئے ہمیں مضبوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ قوم جشن آزادی کی خوشیوں میں سیلاب متاثرین کو شریک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف گھر بار چھوڑنے والوں کو بھی یاد رکھنا ہے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اولین ترجیح ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ آئندہ برس کا یوم آزادی آج کے یوم آزادی سے کہیں بہتر اور شاندار ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں