آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 69واں یوم آزادی اتحاد ‘ محبت ‘ یکجہتی ‘ نفرتوں کے خاتمے ‘تمام چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرنے اور اقوام عالم میں باوقار قوم کے طورپر اپنا تشخص مزید بہتر بنانے کے عزم کیساتھ نہایت جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعہ 14 اگست 2015 13:03

اسلام آباد /مظفر آباد /پشاور /کوئٹہ /کراچی /لاہور /گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان ‘ وفاقی ادارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں 69واں یوم آزادی اتحاد ‘ محبت ‘ یکجہتی ‘ نفرتوں کے خاتمے ‘تمام چیلنجز کا ملکر مقابلہ کر نے اور اقوام عالم میں باوقار قوم کے طورپر اپنا تشخص مزید بہتر بنانے کے عزم کے ساتھ نہایت جوش و جذبے سے منایا گیا تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عمارتیں پاکستانی پرچموں سے سجائی گئیں جبکہ اہم عمارتوں پر برقی قمقمے رات بھر روشنی بکھیرتے رہے ‘ ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے جگہ جگہ سکیورٹی انتہائی الرٹ رہی ‘ اہم عمارات ‘ شاہراہوں ‘ ائیر پورٹس پر انتہائی مستعد سول وفوجی سکیورٹی اہلکار اور شارپ شوٹر تعینات تھے ‘ اسلام آباد میں جشن آزادی کی اہم تقریبات کی وجہ سے صبح چھ بجے سے ہی موبائل سروس معطل کر دی گئی جو سہ پہر کے وقت بحال ہوگئی ‘کوئٹہ میں یوم آزادی کے موقع پر 400 سے زائد عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔

(جاری ہے)

جمعہ کودن کا آغاز وفاق اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے کیا گیایوم آزادی کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب صبح 8بجے جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوئی کنونشن سینٹر میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزراء ، سیاسی جماعتوں کے قائدین، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، بحریہ و فضائیہ کے سربراہان، ملک کی دیگر اعلیٰ شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں صدر پاکستان ممنون حسین نے پرچم لہرایا صدر ممنون حسین نے قائد اعظم کو لکھے گئے بچوں کے خطوط بھی پڑھ کر شرکاء کو سنائے ادھر یوم آزادی پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گارڈز کے فرائض سنبھالنے والے کیڈٹس کا تعلق پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ کراچی سے تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور فواد امین بیگ تھے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ‘ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری ‘ گور نر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی اور قبر پر پھول چڑھائے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یوم آزادی پر پاکستان کا خواب دیکھنے والے قومی شاعر علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔

پاک فوج کے بلوچ رجمنٹ کے دستہ نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔گریڑن کمانڈر میجر جنرل طارق امان نے تقریب میں مہمان خصوصی کے فرائض انجام دئیے۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی ادھر کوئٹہ میں یوم آزادی کے موقع پر 400 سے زائد عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈال دیئے عسکریت پسندوں نے پولیس لائن میں تقریب کے دوران ہتھیارحوالے کیے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ مہمان تھے۔بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی، وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک ، صوبائی وزراء، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں کو بچوں نے قومی پرچم پیش کیے۔پشاور میں جشن آزادی کی تقریب خیبر پختونخوا اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی ‘ تقریب میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی ، قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے سکندر شیر پاؤ ، انیسہ زیب طاہر خیلی ، چیف سیکرٹری ‘ آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی پرچم کشائی سے قبل ایک منٹ تک خاموشی اختیار کی گئی جس کے بعد سائرن بجایا گیا اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے ، خٹک ڈانس نے تو شرکاء کے دل ہی موہ لئے ، تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خطاب کئے بغیر ہی چلے گئے ادھر ملک بھر کی طرح آزاد کشمیرمیں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایاگیا۔اس سلسلے میں مرکزی تقریب ایون صدرمظفرآبادمیں منعقدہوئی۔دن کا آغاز ریاستی دارلحکومت کی مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی ترقی ،امن اور کشمیرکی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے گے ۔اس دوران مکمل خاموشی اختیارکی گئی ۔9بجے صدر آزاد جموں وکشمیرسردار محمد یعقوب خان نے ایوان صدر کے سبزہ زار پر قومی پرچم لہرایا۔جس کے بعد پوری قوم کے ساتھ ملکر باادب کھڑے ہوکر قومی ترانہ سناگیا۔سیکرٹری صدارتی امور سردار فاروق تبسم نے تقریب کی نقابت کے فرائض انجام دیئے ۔پرچم کشائی کی تقریب میں آزاد کشمیرکے وزیرجنگلات سردار جاوید ایوب ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید ،صدارتی مشیر راجہ ساجد ،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل آف پولیس ،سیکرٹریز حکومت ،بریگیڈیئر کمانڈر،اعلیٰ سول و فوجی حکام ،گرلز گائیڈز ،سکولوں کے طلباء و طالبات اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک تھے ۔

تقریب کے اختتام پر بچوں نے ملی نغمے ،بوائے سکاؤٹس اور گرل گائیڈز ترانے پیش کئے جسکے بعد صدر آزادکشمیرشرکاء میں گھل مل گئے ۔اور فرداََ فرداََ لوگوں سے مصافحہ کیا اور انھیں جشن آزادی کی مبارک باد دی ۔جس کے بعد تمام مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی دوسری جانب ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے جگہ جگہ سکیورٹی انتہائی الرٹ رہی ‘ اہم عمارات ‘ شاہراہوں ‘ ائیر پورٹس پر انتہائی مستعد سول وفوجی سکیورٹی اہلکار اور شارپ شوٹر تعینات تھے دہشتگردی کے پیش نظر یوم آزادی کے موقع پرراولپنڈی اور اسلام آباد کے اکثر علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی فون سروس صبح چھ بجے کے تقریب معطل ہوگئی جو تقریباً سہ پہر ایک بجے کے بعد بحال ہوئی ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق جڑواں شہر وں کے بعض علاقوں میں فون سروس چودہ اگست کے باعث سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عارضی طور پر معطل کی گئی -

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں