پاکستان کرسچن سٹیزن فورم کے زیر اہتمام یوم آزادی پر ’’پرامن پاکستان‘‘ کے عنوان سے ریلی کا انعقاد

مسیحی قوم ملک پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور ملک میں امن کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، پاکستان کرسچن سٹیزن فورم کے چیئرمین شہریار شمس کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 اگست 2015 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) پاکستان کرسچن سٹیزن فورم کے زیر اہتمام پاکستان کے 69 ویں یوم آزادی پر ’’پرامن پاکستان‘‘ کے عنوان سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے سے ریلی نکالی گئی جس میں اسلام آباد کی مسیحی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ملکی سلامتی، بقاء اور امن کے نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کرسچن سٹیزن فورم کے چیئرمین شہریار شمس نے کہا کہ پاکستان کے 68ویں یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی قوم ملک پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور ملک میں امن کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ماضی میں بھی مسیحی قوم نے پاکستان کے قیام، دفاع، تعلیم اور طبی خدمات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان مسیحی قوم کی قیام پاکستان کیلئے خدمات اور ملکی ترقی و دفاع کیلئے خدمات کو نصبا میں شامل کرے تو ملک میں امن کو مزید فروغ مل سکے گا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یوم آزادی پر مسیحی رہنماؤں کو سرکاری اعزازات دیئے جائیں، ملک بھر کے طول و عرض میں بسنے والے مسیحی اس ملک کے خیر خواہ اور اس دھرتی کے سپوت ہیں، وطن کی تعمیر و ترقی میں اس کا حصہ بھی برابر کا ہے، ریلی سے پاکستان کرسچن سٹیزن فورم کے جنرل سیکرٹری گلزار مسیح غوری، الفانس سردار، عقیل جان اور دیگر نے بھی خطاب کیا

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں