حکومت نے ایک سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اقتصادی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ‘ پرویز رشید

ہفتہ 15 اگست 2015 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اقتصادی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ‘ عالمی رہنما بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیو ں کا اعتراف کررہے ہیں ‘پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں ‘ افراط زر کی شرح دس سے کم ہوگئی ہے ‘ کراچی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے ‘ توانائی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کیا جاسکتا ‘دو سے تین سال کا عرصہ درکار ہے۔

ایک انٹرویومیں وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ اوراقتصادی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں عالمی رہنما بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیو ں کا اعتراف کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر نے وزیراعظم نواز شریف کے بیلاروس کے دورے کے دوران دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور انہوں نے اس سال پورے ملی جذبے اور جوش خروش سے یو م آزادی منایا ہے۔پرویز رشید نے کہاکہ عالمی جریدے اورمالیاتی ادارے بھی معاشی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں جبکہ افراط زر کی شرح دس سے کم ہوگئی ہے ہماری اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹوں کی درجہ بندی میں شامل ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کامیابیو ں سے عالمی مالیاتی اداروں کا ہماری معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ اپنے اداروں پر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔توانائی کے شعبے کے بارے میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کیا جاسکتا اسے حل کرنے کیلئے دو سے تین سال کا عرصہ درکار ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں