وزیراعلیٰ سندھ کی ہٹ دھرمی، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کو پینے کا صاف پانی نہ مل سکا

اتوار 16 اگست 2015 13:41

وزیراعلیٰ سندھ کی ہٹ دھرمی، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کو پینے کا صاف پانی نہ مل سکا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی بیجا ضد‘ ہٹ دھرمی اور انکار کی وجہ سے پانچ سال گزرنے کے باوجود آزاد کشمیر کو منگلا ڈیم سے 613 کیوسک اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو تربیلا ڈیم سے 200کیوسک پینے کا صاف پانی فراہم نہ کیا جاسکا‘ وفاقی حکومت کی بار بار درخواستوں کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ وفاقی دارالحکومت اور آزاد کشمیر کو پانی کی فراہمی پر آمادہ نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سی سی آئی نے حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کی سمری پر متعدد بار منگلا سے آزاد کشمیر اور تربیلا سے اسلام آباد کو پانی فراہم کرنے کی تجویز پر غور کیا لیکن وزیراعلیٰ سندھ ہر دفعہ معاملے کو ویٹو کرتے رہے آزاد کشمیر کو منگلا ڈیم سے 613 کیوسک پانی فراہم کرنے کے معاملے پر سندھ نے کے پی اور بلوچستان کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا اور تینوں صوبوں نے میرپور میں واٹر سپلائی کے منصوبے کے لئے پانی دینے کی یک زبان ہو کر مخالفت کی تاہم اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے لئے کے پی بلوچستان اور پنجاب نے اپنے اپنے حصے کا پانی فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے صرف سندھ رکاوٹ بنا ہوا ہے 18مارچ 2015 کو سی سی آئی کے اجلاس میں اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کا ایک فارمولہ بھی طے پایا جس کے تحت سندھ اور پنجاب نے 74 کے پی 24 اور بلوچستان نے 28 کیوسک پانی فراہم کرنا ہے لیکن سندھ نے اس فارمولے سے بھی انکار کیا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کوششوں سے وزیراعلیٰ سندھ نے وعدہ کیا کہ وہ حکومت سے مشاورت کے بعد رضامندی کا اعلان کریں گے لیکن تاحال سندھ کی جانب سے رضامندی سامنے نہیں آئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں