آپریشن خیبر ون کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ جاری، 43 ہزار 695 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے

اتوار 16 اگست 2015 15:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) آپریشن خیبر ون کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ باڑہ خیبر ایجنسی کے اب تک 43 ہزار 695 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے۔ واپسی کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے علاوہ نقد مالی امداد کے حصول کیلئے اے ٹی ایم کارڈز اور چھ ماہ کا مفت راشن فراہم کیا جارہا ہے۔

فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جاری رپورٹ کے مطابق باڑہ خیبر ایجنسی کے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 38 ہزار 376 رجسٹرڈ خاندان جبکہ چار ہزار 719 غیر رجسٹرڈ خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق واپسی کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جارہی ہے جبکہ بے گھر افراد کو چھ ماہ کامفت راشن دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق بے گھر افراد کو واپسی کے موقع پر نقد مالی امداد کے حصول کیلئے اے ٹی ایم کارڈ بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ خیبر ایجنسی باڑہ کے 34 ہزار 655 خاندانوں کو اے ٹی ایم کارڈ جاری کئے جاچکے ہیں۔ حکام کے مطابق بے گھر افراد کے بچوں کوواپسی کے موقع پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں۔ اب تک 4 ہزار 719 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں