اٹک ، کھلی کچہری کے دور ان خودکش دھماکہ، صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ ڈی ایس پی شوکت گیلانی سمیت 10 افراد جاں بحق

20سے زائد زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ شجاع خانزادہ کے ڈیرہ گاوٴں شادی خان میں کھلی کچہری کے دور ان درجنوں افراد موجود تھے دھماکے سے دس مرلہ عمارت کی چھت گر گئی ملبہ ہٹانے کیلئے فوجی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا گیا خود کش حملہ آور کے عمارت میں داخل ہونے پر 4 افراد نے روکنے کی کوشش کی تو خود کو دھماکہ سے اڑا لیا کالعدم لشکر جھنگوی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی نجی ٹی وی شجاع خانزادہ کو ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد سے مبینہ طور پر سیکیورٹی خدشات تھے ذرائع وزارت داخلہ صدرممنون حسین وزیر اعظم کی دھماکے کی مذمت زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت وزیراعلیٰ پنجاب شہاز شریف نے تحقیقات کا حکم دیدیا وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے رپورٹ طلب کرلی وفاقی وزراء چیئر مین سینٹ سپیکر قومی اسمبلی سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی مذمت

اتوار 16 اگست 2015 15:41

اٹک ، کھلی کچہری کے دور ان خودکش دھماکہ، صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ ڈی ایس پی شوکت گیلانی سمیت 10 افراد جاں بحق

اٹک/اسلام آباد /کراچی /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) اٹک میں کھلی کچہری کے دور ان خودکش دھماکے کے نتیجے میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ ڈی ایس پی حضرو سید شوکت شاہ گیلانی سمیت 10 افرادجاں بحق اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے 20سے زائد زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے کالعدم لشکر جھنگوی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جبکہ صدرمملکت ممنون حسین وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ پنجاب شہاز شریف نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے رپورٹ طلب کرلی ۔

اتوار کو اٹک میں موٹر سے سے 25سے 30کلو میٹر دور صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرہ گاوٴں شادی خان میں بم دھماکے نتیجے میں دس مرلہ پر قائم عمارت کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ سمیت ڈیرے میں موجود درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے مقامی افراد نے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کو 4 افراد نے روکنے کی کوشش کی جس پر اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا وزیر داخلہ پنجاب کے بھتیجے سہراب خانزادہ نے تصدیق کی کہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ دھماکے کے وقت ڈیرے پر موجود تھے شجاع خانزادہ کے بھتیجے سہراب خانزادہ ننے بتایا کہ وہ چائے لینے باورچی خانے گیا تو دھماکا ہوگیاسہراب خانزادہ کے مطابق عمارت میں 20 سے زائد افراد موجود تھے جو کہ ملبے کے نیچے دب گئے وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اس وقت وزیر داخلہ پنجاب ڈیرے پر علاقہ مکینوں کے مسائل سن رہے تھے، اس لیے شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر کافی افراد موجود تھے تاہم شادی خان نواحی علاقہ ہونے کے باعث فوری طور پر امدادی سرگرمیاں نہیں ہو سکیں اور دو سے تین گھنٹے تک لوگ ملبے تلے دبے رہے تاہم زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر نے کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر فراہم کیا گیا اور پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے ٹیمیں بھیجی گئیں فوجی جوانوں کی آمد کے ساتھ کی امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں عمارت کا ملبہ ہٹا کر نیچے دبے افراد کو نکانے کا عمل شروع کیا گیا اور صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ سمیت 10افراد کی لاشیں نکالی گئیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سعید الٰہی نے تصدیق کی کہ وزیر داخلہ شجاع خانزادہ دھماکے میں شہید ہوگئے کمشنر راولپنڈی زاہد سید کے مطابق ڈی ایس پی شوکت شاہ گیلانی کی لاش ملبے سے نکالی گئی کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر داخلہ پنجاب کے ڈیرے پر خود کش حملہ ہوا جس کے باعث پوری عمارت زمیں بوس ہو گئی دھماکے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی پنجاب پولیس کے ترجمان نے بھی ڈی ایس پی کی دھماکے میں ہلاکت کی تصدیق کی شوکت شاہ حضرو میں تعینات تھے ادھر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ صوبائی وزیر داخلہ فوج کے سابق افسر تھے وہ اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے خود زیادہ بہتر جانتے تھے۔

(جاری ہے)

ادھر صدر مملکت ممنون حسین وزیر اعظم نواز شریف نے اٹک میں وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے حملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اٹک دھماکے باعث پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔

انہوں نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمدیعقوب وزیر اعظم چوہدری عبد المجید چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک سید قائم علی شاہ پرویز خٹک گور نر خیبر پختون خوا مہتاب خان عباسی گور نرڈاکٹر عشرت العباد گور نر پنجاب رفیق رجوانہ وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اسحاق ڈار شاہد خاقان عباسی رانا تنویر حسین ریاض حسین پیر زادہ شیخ آفتاب انجینئر بلیغ الرحمن انجینئر خرم دستگیر خان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ آصف علی زر داری چیئر مین بلاول بھٹو زر داری جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید چوہدری پرویزالٰہی اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی فاٹا کے رکن اسمبلی جی جی جمال ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین متحدہ کے رہنما فاروق ستار مقبول صدیقی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت متعدد سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کی دوسری جانب ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے ذارئع نے بتایا کہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر حملے کی ذمہ داری کالعدم لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے۔

شجاع خانزادہ کو کالعدم لشکری جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد سے مبینہ طور پر سیکیورٹی خدشات تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں