وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، پاکستان کو ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے دائرہ کار میں لانے کی منظوری ، آئندہ اجلاس میں بنک کے صدر کی تقرری کی جائے گی اور بنک کا دائرہ کار متعین کیا جائیگا، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود

اتوار 16 اگست 2015 19:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کو ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے دائرہ کار میں لانے کی منظوری دیدی۔ اتوار کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے قیام کے حوالے سے نمائندہ اجلاس جو 24,25 اگست کو جارجیا میں منعقد ہو گا کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں بنک کے صدر کی تقرری کی جائے گی اور بنک کا دائرہ کار متعین کیا جائیگا۔ جس پر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں پاکستان کو ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے دائرہ کار میں لانے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ اس حوالے سے حکومت پاکستان ترکی کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور دونوں ممالک آئندہ اجلاس میں پاکستان اور ترکی کو ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے دائرہ کار میں لانے کی باقاعدہ تجویز پیش کریں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے وزارت خارجہ سمیت تمام متعلقہ وزارتوں کے ساتھ رابطہ رکھا جائے تاکہ بنک کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کا موقف بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک کے قیام کے معاہدے پر 29 جون کو 57 ممالک کے نمائندوں نے دستخط کئے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے و زیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں