خورشید شاہ کا وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ ،شجاع خانزادہ کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیدیا

پنجاب کے وزیر داخلہ اور دیگر افراد کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، متاثرہ خاندانوں کا نا قابل تلافی نقصان ہوا ، حکومت ہر ممکنہ حد تک متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کرے ، یہ انتہائی دکھ کا لمحہ ہے، قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ

پیر 17 اگست 2015 16:56

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا ہے اور اٹک میں دہشتگردی کے واقعہ میں پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیدیا ہے ، قائد حزب اختلاف کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے فون پر رابطہ قائم کیا اور اٹک میں دہشتگردی کے واقعہ پر بات چیت کی اور اس پر افسوس کا اظہار کیا ۔

انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ پنجاب کے وزیر داخلہ اور دیگر افراد کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کا نا قابل تلافی نقصان ہوا ہے اور حکومت ہر ممکنہ حد تک متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کرے ، یہ انتہائی دکھ کا لمحہ ہے ۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ اس سانحہ کی جلد از جلد انکوائری ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سد باب کیا جاسکے اور سیکیورٹی کے جامع پلان کے ذریعے ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلے پست ہوچکے ہیں اور انہیں کسی بھی صورت دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا جانا چاہیے ۔ اس گھناؤنی دہشتگردی کے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچا کر سخت سے سخت سزائیں دی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت اور معاشرے کے تمام طبقات کی کوششوں سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور بچے کچھے مٹھی بھر دہشتگرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولتیں بھی فراہم کرے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں