وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ٗ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ

دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں گے ٗآپریشن ضرب عضب کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ٗنواز شریف وزیراعظم نے کابینہ ممبران کوغیرذمہ دارانہ بیانات دینے سے روک دیا

پیر 17 اگست 2015 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں گے ٗآپریشن ضرب عضب کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گاپیر کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی امورسرتاج عزیز اور طارق فاطمی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی سیاسی وسیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد سے متعلق بھی آگاہ کیا، اجلاس میں سانحہ اٹک پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیجائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام سے متعلق مشاہد اﷲ خان کے انٹرویو سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیاجس کے بعد وزیراعظم نے کابینہ ممبران کوغیرذمہ دارانہ بیانات دینے سے روک دیا۔ قبل ازیں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خطے کی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی امور پر بھی بات چیت کی گئی، اس موقع پر سانحہ اٹک پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نواز شریف نے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیاان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گاپاکستان کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے والے پاکستان کے ہیرو ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں