بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفتر خارجہ طلبی،لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزی، 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

بھارتی حکومت ان واقعات کی تحقیقات کرا کے تنائج سے پاکستان کو آگاہ کرے، ایل او سی پر تعینات فوجیوں کو سیز فائر کی مکمل پابندی کی ہدایات جاری کی جائیں، پاکستان کا مطالبہ دو ماہ کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 70 مرتبہ خلاف ورزی کی جا چکی ہیں،دفتر خارجہ

پیر 17 اگست 2015 20:47

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفتر خارجہ طلبی،لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزی، 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان واقعات کی تحقیقات کرا کے تنائج سے پاکستان کو آگاہ کرے ۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) کی طرف سے پیر کو دفتر خارجہ طلب کی گیا اور 15 اور 16 اگست کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر میں سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا ۔ بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں 3 شہری شہید ہو گئے تھے جن میں 55 سالہ شفیع خان 56 سالہ شپل خان اور سارہ خاتون زوجہ محمد اشرف شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی فائرنگ سے 15 شہری زخمی بھی ہوئے ۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا گیا کہ بھارت ان واقعات کی بہر صورت تحقیقات کرائے اور تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرے اور بھارتی حکومت اپنے فوجیوں کو ہدایات جاری کرے کہ وہ سیز فائر کی پوری طرح پابندی کریں اور جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس امر پر شدید افسوس اور گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران اب تک بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 70 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں