امریکی وزیرخارجہ کا نوازشریف کو فون،دہشتگردی کے حالیہ واقعہ پراظہارافسوس

پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کیلئے اپنا کرداراداکررہاہے،وزیراعظم

منگل 18 اگست 2015 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ٹیلی فون پررابطہ کرکے اٹک میں ہونیوالے دہشتگردی کے دھماکے پراظہارافسوس اور دو طرفہ دلچسپی کے امور وعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاہے ،باخبرذرائع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو سراہا اورپاکستان وافغانستان کے درمیان مفاہمت کی ضرورت پرزور دیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان مخلصانہ طورپر چاہتاہے کہ افغانستان میں پائیدا ر امن قائم ہو کیونکہ جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتا پاکستان بھی متاثر ہوتارہے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے اٹک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی جس میں صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ سمیت 21افراد شہید ہوئے جان کیری نے وزیراعظم کو دہشتگردی کیخلاف آپریشن میں اپنے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے بھارت سے تعلقات معمول پرلانے اورتنازعات کے حل کیلئے کی گئی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے دو روز قبل افغان صدر اشرف غنی سے بھی ٹیلی فون پررابطہ کرکے علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاتھا اور امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے اس امر پر زور دیاتھا کہ پاکستان اورافغانستان ملکردہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کریں اور ان کیخلاف موثرکارروائی کو یقینی بنائیں یہ رابطہ افغان صدرکی طرف سے پاکستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کی موجودگی کے بارے میں لگائے گئے الزامات کے بعد کیاگیاتھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں