’’آپ وزیراعظم بن سکتے ہیں‘‘پلڈاٹ نے ملک کی21اہم سیاسی شخصیات کوخواب دکھانا شروع کردیئے

شریف خاندان کے تین، زرداری خاندان کی دو شخصیات سمیت عمران خان، احسن اقبال اورچوہدری نثارعلی خان شامل

منگل 18 اگست 2015 22:28

’’آپ وزیراعظم بن سکتے ہیں‘‘پلڈاٹ نے ملک کی21اہم سیاسی شخصیات کوخواب دکھانا شروع کردیئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) ملکی سیاسی صورتحال پرنظررکھنے والی سماجی تنظیم پلڈاٹ نے ملک کی 21اہم شخصیات کی نشاندہی کی ہے جو آئندہ دس سے پندرہ سال کے عرصے کے دوران وزیراعظم بن سکتی ہیں، ان میں شریف خاندان کے تین اور زرداری خاندان کی دو شخصیات سمیت عمران خان، احسن اقبال اورچوہدری نثارعلی خان بھی شامل ہیں۔پلڈاٹ کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق یہ تجزیہ ان سیاسی رہنماؤں کی کارکردگی ،صلاحیتوں ، ان کے بارے میں عوامی آراء اور ان سے انٹرویوز کے بعد کیا گیا ہے ان شخصیات میں شہباز شریف، حمزہ شہباز ،مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، عمران خان ، چودھری نثارعلی خان، اسحاق ڈار، احسن اقبال، اعتزاز احسن، اسد عمر،اویس ا حمد خان لغاری، حناربانی کھر، ہمایوں اختر خان، خرم دستگیرخان، لیاقت بلوچ، ماروی میمن، مشاہد حسین سید،عمرایوب خان، شاہ محمود قریشی اور شازیہ مری شامل ہیں یہ جائزہ 13نکاتی نظام کی بنیاد پر مرتب کیاگیا ہے جس میں سیاسی جماعت می کردار، عوام کے ساتھ رابطہ، کرشماتی شخصیات، کسی بھی سطح پر حکومت چلانے کاتجربہ، پاکستان کے مستقبل کا واضح ویژن، سیاسی معاملات کی واضح تفہیم، پاکستان کے اندرونی معاملات کے حوالے سے واضح علم، اثاثوں اور ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق معاملات کی صورتحال، جرائم سے متعلق قانونی ریکارڈ، جرات اظہار، سیاسی معاملات پر بے ٹوک موقف، مختلف خیالات رکھنے والے لوگوں کو قریب لانے کی صلاحیت کا مظاہرہ، دس سے پندرہ سالوں میں وزیراعظم بننے کی صلاحیت ہے۔

(جاری ہے)

نشاندہی کئے گئے رہنماؤں کی پروفائلز ان کے سماجی، سیاسی کیریئر، ذاتی اور سیاسی زندگی کے احوال، زندگی پراہم اثرات ، انتخابی اور دیگر عہدوں کی تفصیل، سیاسی وابستگی، معاشی شفافیت، کامیابیوں اورنظریاتی ، سیاسی اور سماجی معاملات پراختیارکئے جانیوالے موقف پر روشنی ڈالتی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں