سی ڈی اے کے افسران ڈگریوں کی تصدیق کے عمل سے خوفزدہ ،کل 1100 میں سے صرف 300افسران نے اصل ڈگریاں جمع کرائیں ،دیگر 800تذبذب کا شکار ، چیئرمین سی ڈی اے کا تشویش کا اظہار ، تمام افسران کو ڈگریاں فوری جمع کرا نے کیلئے آخری وارننگ

منگل 18 اگست 2015 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء ) سی ڈی اے کے افسران ڈگریوں کی تصدیق کے عمل سے خوفزدہ ،کل 1100 میں سے سی ڈی اے کے صرف 300افسران اصل ڈگریاں جمع کراسکے ، دیگر 800تذبذب کا شکار ،چیئرمین سی ڈی اے کا تشویش کا اظہار ، تمام افسران کو ڈگریاں فوری جمع کرا نے کے لئے آخری وارننگ جاری کردی ۔ منگل کویہاں سی ڈی اے کے ہیڈکوارٹرز میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمدکی زیر صدارت اجلاس میں سی ڈی اے کے افسران کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر بنائی گئی تین رکنی کمیٹی نے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد کو ڈگریوں کی تصدیق کے عمل پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے ممبران میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی اور سیکریٹری سی ڈی اے بورڈ شامل ہیں۔ کمیٹی نے بتایا کہ سی ڈی اے کے کل افسران کی تعداد گیارہ سو ہے جس میں سے ابھی تک تقریباً 300افسران نے اپنی اصل ڈگریاں بمعہ تصدیق شدہ فوٹو کاپیاں کمیٹی کے پاس جمع کرائی ہیں۔

یہ ڈگریاں ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق کے مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ ڈگریوں کے جمع کرانے کے عمل میں پیش رفت تسلی بخش نہیں اور زیادہ تر افسران نے ڈگریاں جمع نہیں کرائیں تاہم چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر کمیٹی کی طرف سے سی ڈی اے کے تمام افسران کو آخری بار متنبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ڈگریاں جمع کرا دیں۔

ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ 15دنوں کے اندر اپنی ڈگریاں جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے اور یہ نوٹس آخری تصور کیا جائے کیونکہ اس آخری اور حتمی نوٹس کے باوجود ڈگریاں جمع نہ کرانے والوں کے پاس اصل ڈگری موجود نہ ہونا تصور کرتے ہوئے قانونی اور انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں