پاکستان میں جمہوریت کو استحکام ملا ہے ، تمام ریاستی ادارے آئین کے مطابق اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جمہوریت ہی میں ہماری منزل اور بقا ہے

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا اوسلو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

بدھ 19 اگست 2015 16:12

اوسلو ۔ 19 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے پاکستان میں جمہوریت کو استحکام ملا ہے اور تمام ریاستی ادارے آئین کے مطابق اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جمہوریت ہی میں ہماری منزل اور بقا ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں پاک ناروے فورم کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حالیہ دنوں پاک ناروے فورم کی دعوت پر ارکان قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال، ملک ابرار احمد اور عبدا لمجید خانان خیل پر مشتمل تین رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ناروے کے دورے پر ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے عام انتخابات 2013کو پاکستان میں جمہوریت کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2013میں ملک میں پہلی بارایک منتخب حکومت سے دوسری منتخب حکومت کو پر امن انتقال اقتدار ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملک کی تمام سیاسی قوتیں آئین کی حکمرانی، گڈگورننس اور قانون کی بالاستی کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں قیام پاکستان کے مقاصد اورتحریک پاکستان میں جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کی ان تھک محنت اور قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بانیان پاکستان کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک جمہوری فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔

انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پارلیمان کی بھرپور حمایت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔بیرون ملک پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پاکستانیوں نے پوری دنیا میں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ان کی خدمات اور مادر وطن کے لئے انکی محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے پاک ناروے فورم کی پاکستان اور ناروے کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو حل کر نے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں