آرمی چیف نے ملٹری انٹیلی جنس کو ” را“ کی مداخلت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں ، رانا تنویر حسین

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا ، کراچی آپریشن دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گا ، وزیر دفاعی پیداوار بھارت اپنی جارحانہ کارروائیوں کو بند کرکے ہوش کے ناخن لے ، ملک کی معاشی شرح میں اضافے کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، رشید گوڈیل پر حملے میں غیر ملکی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں ، کامسیٹس یونیورسٹی میں خطاب

بدھ 19 اگست 2015 18:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی قیمت پر ملتوی نہیں ہوگا ، دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گا ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا ، آرمی چیف راحیل شریف نے ملٹری انٹیلی جنس کو ” را“ کی مداخلت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں ، بھارت اپنی جارحانہ کارروائیوں کو بند کرکے ہوش کے ناخن لے ورنہ بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے ۔

کامسیٹس یونیورسٹی کی جانب سے جنوبی ایشیا ساتویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین تھے ۔ انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ ملک کی معاشی شرح میں اضافے کیلئے بھی حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے کہا کہ کراچی آپریشن ہر قیمت پر جاری رہے گا اوراس میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر حملے میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہوسکتے ہیں جو کہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد ہورہا ہے اور آرمی چیف راحیل شریف نے انٹیلی جنس بیورو کو را کی مداخلت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں ۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے بھارت کی اشتعال انگیزی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت اور دفاع کے بارے میں جانتے ہیں بھارت کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو بھارت کو چاہیے کہ وہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرے اور ہوش کے ناخن لے کہیں ایسا نہ ہو کہ بہت بڑا سانحہ رونما ہوجائے جس سے دونوں ملکوں کی سالمیت کو خطرہ پیدا ہو

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں